0
Thursday 22 Mar 2018 21:56

کراچی میں شیعہ ٹارگٹ کلنگ کے واقعات کا دوبارہ آغاز تشویش ناک ہے، علامہ صادق جعفری

کراچی میں شیعہ ٹارگٹ کلنگ کے واقعات کا دوبارہ آغاز تشویش ناک ہے، علامہ صادق جعفری
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے سیکریٹری جنرل علامہ محمد صادق جعفری نے کہا ہے کہ شہر قائد کے علاقے نیو رضویہ سوسائٹی کے نزدیک دہشتگردوں کی فائرنگ سے بینکر امیر علی کے قتل جبکہ ان کے بچے علی اصغر اور جوان علی رضا کے شدید زخمی ہونے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، کراچی شہر میں امن و امان کے مختصر وقفے کے بعد ایک مرتبہ پھر دہشت گردی کا جن بے قابو نظر آتا ہے، کراچی میں شیعہ ٹارگٹ کلنگ کے واقعات کا دوبارہ آغاز تشویش ناک ہے، صوبائی حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردوں کے گرد گھیرا تنگ کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وحدت ہاؤس سے جاری اپنے مذمتی بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ تکفیری دہشت گردوں نے وطن عزیز کو گذشتہ تیس برس سے آگ و خون میں جھونکا ہوا ہے، ملت جعفریہ کے ماہر ڈاکٹرز، انجینئرز، پروفیسرز، علماء، تاجر اور قانون دان بے دردی سے قتل کئے گئے لیکن افسوس کسی ایک مجرم کو بھی کیفرکردار تک نہیں پہنچایا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریاستی اداروں کو ستر ہزار سے زائد قیمتی جانوں کی قربانیاں دینے کے بعد وطن عزیز کے دوستوں اور دشمنوں میں فرق محسوس کرلینا چاہیئے، افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ جنہوں نے مساجد، بازاروں، درباروں، فوجی چھاؤنیوں اور آرمی پبلک اسکول میں معصوم بچوں کو گاجر مولی کی طرح کاٹا انہیں آج مین اسٹریم سیاست کا حصہ بنایا جارہا ہے اور انہیں اعلیٰ سرکاری اداروں میں دعوتیں دی جارہی ہیں، یہ اقدامات شہدائے پاکستان کے خون سے غداری کے مترادف ہیں۔

علامہ صادق جعفری نے شہید امیر علی کے اہل خانہ سے اس اندہوناک واقعے پر تعزیت کا اظہار کیا ہے اور دونوں زخمیوں کی جلد مکمل صحت یابی کی خصوصی دعاکی ہے۔ انہوں نے آرمی چیف، چیف جسٹس، وزیر اعلیٰ سندھ، آئی جی سندھ، ڈی جی رینجرز، کورکمانڈر سندھ اور دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ کراچی کا امن و سکون تباہ کرنے کی کوشش کرنے والوں کو فوری طور پر نشان عبرت بنایا جائے۔ واضح رہے کہ آج کراچی کے علاقے نیو رضویہ سوسائٹی کے قریب میمن اسپتال کے نزدیک دہشتگردوں نے ٹویوٹا کرولا گاڑی نمبر AMT-782 پر فائرنگ کرکے نیو رضویہ کے ہی رہائشی 55 سالہ شیعہ مسلمان امیر علی ولد عزیز کو شہید کر دیا گیا، جبکہ فائرنگ کے واقعہ میں دو سالہ معصوم بچہ علی اصغر ولد علی عمران اور 30 سالہ نوجوان علی رضا ولد محمد علی زخمی ہوگئے۔ شہید اور زخمیوں کو میمن اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ایس ایس پی عدیل چانڈیو کے مطابق کار پر فائرنگ موٹر سائیکل سوار دو نقاب پوش دہشتگردوں نے کی ہے۔
خبر کا کوڈ : 713272
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش