0
Tuesday 24 Apr 2018 15:31

کراچی، کے الیکٹرک کو گیس ملنے لگی، کئی علاقے اب بھی لوڈشیڈنگ سے متاثر

کراچی، کے الیکٹرک کو گیس ملنے لگی، کئی علاقے اب بھی لوڈشیڈنگ سے متاثر
اسلام ٹائمز۔ کراچی میں بجلی کی فراہمی کے ادارے کے الیکٹرک کو گیس ملنے لگی جس کے بعد بجلی کی لوڈشیڈنگ میں کمی آنے لگی تاہم اب بھی کئی علاقے لوڈشیڈنگ سے متاثر ہیں۔ کراچی میں بجلی کی فراہمی کے تنازع پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی مداخلت کے بعد بجلی کی بندش سے متاثر شہریوں کی مشکلات کم ہونے لگی۔ کے الیکٹرک کو سوئی سدرن گیس کمپنی نے گیس کی فراہمی شروع کردی جس کے بعد شہر قائد کے بعض علاقوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ میں بھی کمی آرہی ہے۔ دوسری جانب بعض علاقے اب بھی لوڈشیڈنگ کی زد میں ہیں جن میں اورنگی ٹاؤن، کورنگی، شاہ فیصل کالونی، ملیر، نارتھ کراچی، بلدیہ ٹاؤن، میٹروول، لیاقت آباد سمیت دیگر شامل ہیں۔ کے الیکٹرک کے ترجمان کا کہنا ہے گیس کی سپلائی 190 ملین مکعب فٹ ہونے پر بجلی کی فراہمی معمول پر آ جائے گی جب کہ آج سے انڈسٹریل زونز کو لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ کردیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز گورنر ہاؤس میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی توانائی کا اہم اجلاس ہوا جس میں سوئی سدرن گیس اور کے الیکٹرک کے نمائندوں سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔  اجلاس میں کراچی میں بجلی کی بندش اور اس مسئلے کے حل پر بات ہوئی جس کے بعد پریس کانفرنس کے دوران وزیراعظم نے اعلان کیا کہ انہوں نے سوئی سدرن اور کے الیکٹرک کے درمیان مسئلہ حل کردیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 720205
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش