0
Tuesday 1 May 2018 18:55

رمضان المبارک کیلئے فول پروف سیکیورٹی و ٹریفک پلانز کو یقینی بنایا جائے، آئی جی سندھ

رمضان المبارک کیلئے فول پروف سیکیورٹی و ٹریفک پلانز کو یقینی بنایا جائے، آئی جی سندھ
اسلام ٹائمز۔ آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے پولیس کو ہدایات جاری کی ہیں کہ تمام مساجد، امام بارگاہوں، مدارس، نماز اور تروایح کے دیگر کھلے مقامات کی فہرستوں کا جائزہ لیکر پولیس رینج ڈسٹرکٹس اور زونز کی سطح پر فول پروف سیکیورٹی اور ٹریفک پلانز کی ترتیب کو یقینی بنایا جائے، تاکہ رمضان المبارک کے دوران عوام کے جان و مال کے تحفظ کے ساتھ ساتھ ٹریفک مینجمنٹ نظام کو بھی غیر معمولی بنایا جا سکے۔ ہدایات دیتے ہوئے آئی جی سندھ نے کہا کہ سیکیورٹی پلان کو حتمی شکل دینے سے قبل سندھ رینجرز، قانون نافذ کرنیوالے دیگر اداروں سے تمام تر ضروری مشاورت اور تعاون جیسے امور کو بھی یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی پلان کی ترتیب میں کرائم انالیسز اور ملک کے دیگر صوبوں میں امن و امان کی صورتحال اور اس سے متعلق واقعات کو بھی سامنے رکھا جائے اور بعد ازاں اس تناظر میں انتہائی حساس، حساس اور نارمل درجہ بندیوں پر مشتمل فول پروف سیکیورٹی پلان تیار کیا جائے، تاکہ رمضان المبارک کے تینوں عشروں بشمول یوم علیؑ، طاق راتوں، شب قدر کے موقع پر تمام تر حفاظتی اقدامات کو غیر معمولی بنایا جا سکے۔

آئی جی سندھ نے کہا کہ سیکیورٹی پلان کے تحت تینوں عشروں میں پولیس کمانڈوز کو بھی خصوصی ذمہ داریاں تفویض کی جائیں، جبکہ تین پانچ دس اور پندرہ روزہ تراویح کے مقامات پر متعلقہ ایس ایس پیز ایس ڈی پی اوز کی نگرانی کے تحت ناصرف فول پروف سیکیورٹی بلکہ منتظمین کی معاونت سے کڑی نگاہ رکھنے جیسے اقدامات کو بھی یقینی بنایا جائے۔ آئی جی سندھ نے کہا کہ ٹیکنیکل سوئپنگ کلیئرینس، ایڈوانس انٹیلی جینس، کلیکشن شیئرنگ، اسنیپ چیکنگ، پکٹنگ پیٹرولنگ، ناکہ بندی، سرچنگ، نمایاں پولیس ڈپلائمنٹ، پولیس آپریشنز میں تیزی لانے سمیت مفرور اور اشتہاری/مطلوب ملزمان کی گرفتاریوں جیسے جملہ امور کو بھی رمضان المبارک سیکیورٹی پلان کی حکمت عملی اور لائحہ عمل میں باالخصوص فوقیت دی جائے۔

اے ڈی خواجہ نے کہا کہ رمضان المبارک سیکیورٹی پلان میں صوبے کے تمام اہم سرکاری و نیم سرکاری دفاتر، عمارتوں، حساس تنصیبات، قونصل خانوں، اقلیتی برادری کے مذہبی مقامات، تمام پبلک مقامات وغیرہ پر سیکیورٹی تفصیلات کا بھی احاطہ کیا جائے، علاوہ ازیں پولیس افسران اور جوانوں کو سیکیورٹی فرائض پر بریفنگ سمیت جملہ سیکیورٹی اقدامات میں شہریوں کے ہر ممکن تعاون جیسے امور کو بھی پلان کا حصہ بنایا جائے۔ انہوں نے مذید کہا کہ ٹریفک پلان کی تیاری میں بھی تمام اسٹیک ہولڈرز، ٹرانسپورٹر برادری اور انکی دیگر نمائندہ تنظیموں سے شیڈول اجلاس کو ممکن بنایا جائے، تاکہ ٹریفک کی روانی اور سڑکوں پر ٹریفک کی صورتحال کو بہتر بناکر رمضان المبارک کے دوران ٹریفک کو بلاتعطل رواں دواں رکھا جا سکے۔
خبر کا کوڈ : 721743
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش