0
Wednesday 2 May 2018 23:47

عہد کرتے ہیں کہ آئندہ الیکشن میں مذہبی ووٹ کو تقسیم نہیں ہونے دیا جائیگا، ایم ایم اے

عہد کرتے ہیں کہ آئندہ الیکشن میں مذہبی ووٹ کو تقسیم نہیں ہونے دیا جائیگا، ایم ایم اے
اسلام ٹائمز۔ متحدہ مجلس عمل کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ اگر وہ وزیراعظم بنے تو 6 گھنٹے میں یورپ کو رام کر لیں گے۔ کنوینشن سینٹر اسلام آباد میں منعقدہ ایم ایم اے کے ورکرز کنوینشن میں ملک کی 5 بڑی دینی جماعتوں کے قائدین نے عہد کیا کہ آئندہ الیکشن میں مذہبی ووٹ کو تقسیم نہیں ہونے دیا جائے گا۔ ایم ایم اے کے صدر مولانا فضل الرحمان نے اپنے خطاب میں کہا کہ 13 مئی کو لاہور میں مینار پاکستان پر تاریخ کا سب سے بڑا کنونشن منعقد کرکے ناچ گانے اور برقی قمقموں میں 10 ہزار کو ایک لاکھ بتانے والوں کو بتائیں گے کہ اجتماع کیا ہوتا ہے۔ مولانا فضل الرحمان نے کا کہنا تھا کہ بیرونی مفادات کی حامل قوت نے ملک کو نہ حکمرانی عطاء کی، نہ عوام کو حقوق دیئے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اگر وہ وزیراعظم بنے تو 6 گھنٹے میں یورپ کو رام کر لیں گے۔ کنوینشن سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ترکی کی طرح یہاں بھی عالمی اسٹیبلشمنٹ کے مہروں کو شکست دیں گے اور ملک کا پیسا لوٹنے والوں کو گھروں سے نکال کر لائیں گے۔ سراج الحق نے کہا کہ ووٹ کو عزت دو کے نعرے لگانے والے بتائیں، کیا انھوں نے ووٹرز کو عزت دی، بکنے اور جھکنے والوں کو قیادت کا کوئی حق نہیں ہے۔

متحدہ مجلس عمل کے قومی ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے قائدین نے کہا کہ دینی جماعتوں کا ایک نیا اتحاد سامنے لایا جا رہا ہے، ایجنسیوں کی بات مت مانو، ایک پلیٹ فارم پر آو، خارجہ پالیسی بنانے والے ماہرین اور ہیں، تعلیمی پالیسی ٹھیک کرنا ہوگی، سکول کالجوں اور یونیورسٹیوں سے مسلمان نوجوان تیار نہیں ہو رہے، ہم مغرب کے لئے نہیں اللہ کیلئے قابل قبول بننا چاہتے ہیں، لیڈر قوموں کو منزل دیتا ہے فحاشی پھیلا کر، کرپشن کے نئے گر سکھا کر نیا پاکستان نہیں بنایا جا سکتا۔  مقررین نے کہا کہ ایم ایم اے عام انتخابات میں عالمی اسٹیبلشمنٹ کو شکست دے گی، ہماری لڑائی جہالت، غربت، مہنگائی، بے روزگاری سے زیادہ اسی اخلاقی کرپشن کے خلاف ہے، سیاست کی عجیب صورتحال ہے، غیر سیاسی لوگ سیاسی لوگوں سے زیادہ فعال نظر آتے ہیں، ادارے پاکستان کی بجائے اپنی بالادستی تک سوچتے ہیں، مسلمانوں کے قتل عام کو روکنے کے لئے نظام اسلام کا نفاذ ضروری ہے، متحدہ مجلس عمل سیاسی، عوامی انتخابی اور آئینی راستے سے پارلیمنٹ میں جانا چاہتی ہے، تقریر فروش لوگ مذہبی جماعتوں کے اتحاد میں رکاوٹ تھے، اس اتحاد سے فرقہ ورایت اور تعصب ختم ہوگیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار متحدہ مجلس عمل کے صدر مولانا فضل الرحمان، نائب صدر ایم ایم اے سینیٹر سراج الحق، نائب صدر ایم ایم اے سینیٹر ساجد میر، نائب صدر ایم ایم اے علامہ ساجد علی نقوی، نائب صدر ایم ایم اے پیر اعجاز ہاشمی نے متحدہ مجلس عمل کے زیر اہتمام جناح کنونشن سنٹر میں قومی ورکرزکنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کنونشن سے ایم ایم اے کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ، سابق ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری، پیر سید محبوب مشہدی، حافظ ابتسام الٰہی ظہیر، راشد محمود سومرو، عارف حسین واحدی، میاں مقصود احمد، مولانا نور اللہ و دیگر نے بھی خطاب کیا۔
خبر کا کوڈ : 722012
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش