QR CodeQR Code

ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست کا لاہور چیمبر کا دورہ، سینیئر عہدیداروں سے ملاقاتیں

3 May 2018 18:13

تاجر رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے ایرانی سفیر نے کہاکہ ایران دنیا کے نصف ممالک کیساتھ باہمی تجارت کر رہا ہے لیکن پاک ایران باہمی مشترکہ کاروباری سرگرمیوں کیلئے بنکنگ نظام مربوط نہیں، اسے موثر بنانا ہوگا۔ ایران کے سفیر کا کہنا تھا کہ پاک ایران باہمی تجارتی نظام نہ ہونے کے باعث دیگر ممالک فوائد حاصل کر رہے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان میں تعینات ایران کے سفیر مہدی ہنر دوست نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز  کا دورہ کیا۔ اس موقع پر لاہور چیمبر کے عہدیداروں کیجانب سے معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ ایرانی سفیر نے صدر ملک طاہر جاوید، سینئر نائب صدر خواجہ خاور رشید سمیت مختلف سیکٹرز کے صنعتکاروں سے ملاقات کی۔ لاہور چیمبر میں صنعتکاروں کیساتھ ہونیوالی ملاقات میں پاک ایران تجارتی حجم بڑھانے پر زور دیا گیا۔ ایوان صنعت و تجارت میں ہونیوالی میٹنگ میں صنعتکار علی حسام اصغر، پیر ناظم حسین اور دیگر شریک ہوئے۔ صدر لاہور چیمبر ملک طاہر جاوید نے ایرانی سفیر کا گرمجوشی سے استقبال کیا۔ ملک طاہر جاوید نے کہا کہ ایران کو اہم تجارتی پارٹنر سمجھتے ہیں، دونوں ملکوں کے درمیان گہرے سیاسی، ثقافتی اور تجارتی تعلقات قائم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی کمپنیوں کو پنجاب سمیت ملک بھر میں خوش آمدید کہیں گے۔ ملک طاہر جاوید نے کہاکہ سی پیک پراجیکٹ میں مشترکہ صنعت سازی کی وسیع گنجائش موجود ہے۔ تاجر رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے ایرانی سفیر نے کہاکہ ایران دنیا کے نصف ممالک کیساتھ باہمی تجارت کر رہا ہے لیکن پاک ایران باہمی مشترکہ کاروباری سرگرمیوں کیلئے بنکنگ نظام مربوط نہیں، اسے موثر بنانا ہوگا۔ ایران کے سفیر کا کہنا تھا کہ پاک ایران باہمی تجارتی نظام نہ ہونے کے باعث دیگر ممالک فوائد حاصل کر رہے ہیں۔ اس موقع پر سینئر نائب صدر خواجہ خاور رشید اور نائب صدر ذیشان خلیل نے بھی اظہار خیال کیا۔


خبر کا کوڈ: 722115

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/722115/ایرانی-سفیر-مہدی-ہنر-دوست-کا-لاہور-چیمبر-دورہ-سینیئر-عہدیداروں-سے-ملاقاتیں

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org