0
Wednesday 9 May 2018 09:15

سیاح کی ہلاکت افسوسناک ہی نہیں بلکہ شرمندگی کا موجب بھی ہے، سید علی گیلانی

سیاح کی ہلاکت افسوسناک ہی نہیں بلکہ شرمندگی کا موجب بھی ہے، سید علی گیلانی
اسلام ٹائمز۔ مقبوضہ کشمیر کی مشترکہ مزاحمتی قیادت بشمول سید علی شاہ گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے نارہ بل سرینگر میں پیش آئے ناخوشگوار اور افسوسناک واقعہ میں چنئی کے ایک بائیس سالہ سیاح کے پتھر لگنے سے جاں بحق ہونے اور ایک مقامی خاتون کے زخمی ہونے پر شدید صدمے کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس سانحہ کی پُرزور مذمت کی اور کہا کہ اس طرح کے واقعات سے ہماری منصفانہ تحریک آزادی کو زک پہنچتی ہے اور ہماری تحریک آزادی کو بیرون دنیا میں غلط رنگ میں پیش کرنے کی مذموم کوششوں کو اس سے تقویت ملتی ہے۔ مشترکہ قیادت نے یہ بات واضح کی کہ سیاح ہمارے مہمان ہیں اور ہمیں صدیوں کی اپنی اسلامی اور کشمیری روایات کو قائم رکھتے ہوئے انہیں کسی بھی طرح سے ہراساں کرنے سے گریز کرنا ہے۔ انہوں نے عوام الناس خاص طور پر نوجوانوں کو تاکید کی کہ وہ ہر مرحلے پر اسلامی تعلیمات کے مطابق نظم و ضبط کا مظاہرہ کریں اور کوئی ایسا عمل نہ کریں جس سے کہ خون سے سینچی عوامی تحریک کو نقصان پہنچے۔

اس دوران کل جماعتی حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین سید علی گیلانی نے نارہ بل میں لقمہ اجل بنے ایک غیر ریاستی سیاح کی موت پر گہرے رنج و الم کا اظہار کرتے ہوئے اسے باعث شرمندگی قرار دیا ہے۔ سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ ہم اگرچہ آئے روز اپنے بچوں کے جنازوں کو کندھا دیتے ہیں تاہم ہم کسی بھی صورت میں بدنظمی اور غنڈہ گردی پر چپ نہیں رہ سکتے۔ اپنے بیان میں علی گیلانی نے کہا کہ کشمیر کئی دہائیوں سے خون آلود ہو رہا ہے، موت و تباہی ہمارے لئے ایک معمول بن گئی ہے، ہماری چوتھی نسل بندوقوں کے سایوں میں بڑی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی انسانی زندگی کا زیاں بغیر امتیاز نسل، رنگ و قوم و مذہب ہمارے لئے دردناک ہے۔ چنئی کے سوگوار کنبے سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے سید علی شاہ گیلانی نے کہا کہ غمزدہ کنبے کی تعزیت کے لئے الفاظ کم پڑ رہے ہیں اور ایک قوم کی حیثیت سے ہم صرف افسوس ہی نہیں بلکہ شرمندگی بھی محسوس کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ریاستی دہشت گردی کے بدترین شکار ہیں لیکن ہم اس کی وجہ سے سنگ دل نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مذہب و ثقافت اور اخلاقیات ہمیں انسانیت کی تعظیم سکھاتا ہے اور ہمیں ان سنہری اصولوں پر من و عن عمل کرنا چاہیئے۔
خبر کا کوڈ : 723257
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش