QR CodeQR Code

مسٹر ٹرمپ تم کچھ نہیں بگاڑ سکتے، آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای

9 May 2018 15:25

رہبر انقلاب اسلامی نے یوم معلم کی مناسبت سے یونیورسٹیوں، کالجوں اور اسکولوں کے اساتذہ اور ثقافتی شخصیات سے ملاقات میں اپنے خطاب کے دوران کہا کہ سب نے کل رات دیکھا کہ امریکی صدر ٹرمپ نے ایران کے سلسلے میں کس قدر پست اور گھٹیا الفاظ کا استعمال کیا اور اسکی باتوں میں دس سے زائد جھوٹ واضح طور پر دیکھے جا سکتے تھے۔


اسلام ٹائمز۔ رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تازہ ترین دھمکیوں اور ایران مخالف بیانات کو انتہائی پست اور گھٹیا قرار دیتے ہوئے کہا کہ میں ایرانی عوام کی طرف سے ٹرمپ سے یہ کہنا چاہتا ہوں کہ مسٹر ٹرمپ تم کچھ نہیں بگاڑ سکتے۔ رہبر انقلاب اسلامی نے یوم معلم کی مناسبت سے یونیورسٹیوں، کالجوں اور اسکولوں کے اساتذہ اور ثقافتی شخصیات سے ملاقات میں اپنے خطاب کے دوران کہا کہ سب نے کل رات دیکھا کہ امریکی صدر ٹرمپ نے ایران کے سلسلے میں کس قدر پست اور گھٹیا الفاظ کا استعمال کیا اور اس کی باتوں میں دس سے زائد جھوٹ واضح طور پر دیکھے جا سکتے تھے۔ رہبر انقلاب اسلامی نے کہا کہ ٹرمپ نے اسلامی نظام کو بھی دھمکی دی اور ایرانی عوام کو بھی ڈرانے اور دھمکانے کی کوشش کی، لیکن میں ایران کے عوام کی طرف سے یہ کہتا ہوں کہ مسٹر ٹرمپ تم کچھ بھی نہیں بگاڑ سکتے۔ ایران کے سپریم لیڈر نے کہا کہ امریکی صدر کا بے ادبانہ اور گھٹیا رویّہ ہمارے لئے غیر متوقع نہیں تھا، ہم نے پہلے دن سے کہا تھا کہ امریکہ پر اعتماد نہیں کیا جا سکتا۔ رہبر انقلاب اسلامی نے کہا کہ جس وقت ایٹمی معاملہ اٹھایا گیا تھا تو اسی وقت میں نے صراحت کے ساتھ کہا تھا کہ ایران کے ساتھ امریکہ کی عداوت اور دشمنی ایٹمی انرجی سے مربوط نہیں، ایٹمی معاملہ محض بہانہ ہے، اسلامی جمہوریہ ایران سے امریکہ کی دشمنی اور مخالفت کی وجہ یہ ہے کہ ایران پر امریکہ کا مکمل تسلط تھا، لیکن اسلامی انقلاب نے اس کا ہاتھ کاٹ دیا۔

آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ نے مزید کہا کہ اب علاقے میں ایران کے اثر و رسوخ اور ایران کے میزائل پروگرام کو مسئلہ بنا کر پیش کیا جا رہا ہے اور بالفرض اگر اس کو بھی مان لیں تو بھی امریکہ نہیں رکے گا، وہ کوئی اور مسئلہ اٹھا دے گا۔ رہبر انقلاب اسلامی نے ایران کے اسلامی جمہوری نظام اور ایرانی عوام کی شان میں امریکی صدر کی گستاخیوں اور دریدہ دہنی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی حرکت ہمارے لئے خلاف توقع نہیں تھی، امریکہ کے سابق صدور بھی ہر دور میں اپنے اپنے اعتبار سے ایسی ہی گستاخیاں کرتے رہے ہیں، لیکن ایرانی عوام ہر دور میں پوری قوت کے ساتھ ڈٹے رہے۔ رہبر انقلاب اسلامی نے کہا کہ سبھی امریکی صدور خاک میں مل گئے اور ان کی ہڈیاں بھی گل گئیں لیکن اسلامی جمہوریہ ایران بدستور مضبوط و توانا ہے اور یہ موجودہ امریکی صدر بھی خاک میں مل جائے گا اور اس کا جسم سانپ اور کیڑے مکوڑوں کی خوراک بن جائے گا لیکن اسلامی جمہوری نظام پائیدار باقی رہے گا۔ آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای نے خلیج فارس کے علاقے کے بعض عرب ملکوں کے نام ٹرمپ کے حالیہ خط کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ نے لکھا تھا کہ میں نے تم لوگوں کے لئے سات ٹریلین ڈالر خرچ کئے ہیں، اس لئے اب تمہیں اس کا عوض دینا ہوگا۔ رہبر انقلاب اسلامی نے امریکہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تم نے سات ٹریلین ڈالر عراق اور شام پر قبضہ کرنے کے لئے خرچ کیا تھا، لیکن تم ایسا نہیں کرسکے اس میں دوسروں کا کیا قصور۔؟

انہوں نے ملک کی ترقی و پیشرفت کے لئے ایٹمی توانائی کی ضرورتوں پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ ایٹمی توانائی ملک کی ضرورت ہے اور توانائی کے شعبے کے ماہرین کے مطابق آئندہ چند برسوں میں ایران کو بیس ہزار میگاواٹ ایٹمی بجلی کی ضرورت ہوگی، اس لئے ایٹمی توانائی کا حصول ہمارے لئے بیحد ضروری اور اہم ہے۔ رہبر انقلاب اسلامی نے کہا کہ ان تمام ضرورتوں کے باوجود ہم نے ایٹمی معاہدے کو تسلیم کیا، لیکن ایران سے امریکا کی دشمنی ختم نہیں ہوئی۔ ایران کے سپریم لیڈر نے کہا کہ میں نے پہلے دن سے کہا تھا کہ امریکہ پر بھروسہ نہیں کیا جا سکتا، اگر کوئی معاہدہ کرنا ہے تو ضروری ضمانت حاصل کر لی جائے اور معاہدے پر امریکی صدر سے دستخط کرائے جائیں۔ رہبر انقلاب اسلامی نے ایرانی حکام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر باقی تین یورپی ملکوں سے بھی ایٹمی معاہدے کے حوالے سے کچھ طے کرنا ہے تو اس کی عملی ضمانت لینی ہوگی، بصورت دیگر یہ بھی امریکہ والا ہی کام کریں گے کیونکہ یہ تین ممالک بھی قابل اعتماد نہیں ہیں اور ان پر بھی بھروسہ نہیں کیا جا سکتا۔ رہبر انقلاب اسلامی نے زور دے کر کہا کہ اگر ان تین یورپی ملکوں سے حتمی ضمانت نہیں لی جا سکتی تو پھر ایٹمی معاہدے کو آگے نہیں بڑھایا جا سکتا۔


خبر کا کوڈ: 723495

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/723495/مسٹر-ٹرمپ-تم-کچھ-نہیں-بگاڑ-سکتے-آیت-اللہ-العظمی-سید-علی-خامنہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org