0
Saturday 12 May 2018 20:02

متحدہ مجلس عمل نے انتخابی منشور تیار کر لیا، کل جلسے میں پیش کیا جائیگا

متحدہ مجلس عمل نے انتخابی منشور تیار کر لیا، کل جلسے میں پیش کیا جائیگا
اسلام ٹائمز۔ متحدہ مجلس عمل نے اپنا انتخابی منشور تیار کر لیا جسے کل 13 مئی کو مینار پاکستان گراؤنڈ میں ہونیوالے جلسے میں پیش کیا جائے گا۔ ’’اسلام ٹائمز‘‘ کے خصوصی ذرائع کے مطابق ایم ایم اے کے انتخابی منشور میں آئینی و معاشی اصلاحات، امور خارجہ، قومی سلامتی امور، دہشتگردی کا خاتمہ بھی سرفہرست ہے۔ منشور میں توانائی بحران کے خاتمے اور آبی وسائل کی ترقی کو بھی منشور کا حصہ بنایا گیا ہے۔ ایم ایم اے نے اپنے منشور میں تعلیمی اصلاحات، صحت عامہ، زراعت و کسان کی بہبود کیلئے پالیسیاں بھی شامل ہیں، انتخابی منشور میں سیاستدانوں کا احتساب، کرپشن کا خاتمہ، لوٹی ہوئی دولت کی بیرون ملک سے واپسی بھی ترجیحات میں شامل ہے۔ ذرائع کے مطابق عدلیہ، فوج، منتخب نمائندوں اور حکمرانوں کا بے لاگ احتساب بھی منشور میں شامل کیا گیا ہے جبکہ صوبوں کو آئینی خودمختاری دینے کیلئے 18 ویں ترمیم کی روشنی میں مزید اقدامات کئے جائیں گے، فاٹا کے عوام کی محرومیوں کا خاتمہ بھی متحدہ مجلس عمل کی ترجیحات میں شامل ہے۔ منشور میں مزید کوئی غیر ملکی قرضہ نہ لینا اور خودانحصاری کی پالیسی شامل ہے جبکہ بجلی، گیس اور موبائل فون پر لگائے گئے غیر ضروری ٹیکسز کا خاتمہ کیا جائے گا، بجلی، گیس اور موبائل کے بلوں میں 20 فیصد کمی منشور کا حصہ ہے، اشیا خورونوش کی قیمتوں میں 20 فیصد کمی بھی کی جائے گی، توانائی بحران کے خاتمے کیلئے اتفاق رائے سے 5 ڈیمز تعمیر کئے جائیں گے۔

متحدہ مجلس عمل اقتدار میں آ کر بے زمین کسانوں اور ہاریوں کو بلامعاوضہ زمین فراہم کرے گی، کسانوں کو بجلی، پانی، کھاد کی سستے داموں فراہمی بھی منشور کا حصہ ہے۔ ایم ایم اے کے منشور کے مطابق انٹرمیڈیٹ تک یکساں تعلیمی نصاب اور قرآن و حدیث کی تعلیم لازم ہوگی جبکہ دہشتگردی اور بدامنی کے خاتمے کیلئے بیرونی نیٹ ورک کا خاتمہ کیا جائے گا۔ منشور میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ لاپتہ افراد کی بازیابی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور ان کیخلاف کوئی جرم ثابت ہوا تو عدالتوں میں مقدمات چلائے جائیں گے، ماورائے عدالت کوئی اقدام نہیں ہونے دیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق متحدہ مجلس عمل ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کیلئے ٹھوس اقدامات کرئے گی، نیشنل ایکشن پلان پر نظرثانی، کرپشن فری پاکستان کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں گے جبکہ خواتین کیلئے علیحدہ سپورٹس کمپلیکس کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ منشور کے مطابق نوجوانوں کیلئے سرکاری ملازمتوں میں میرٹ کی پابندی لازم ہوگی  جبکہ خود روزگار سکیم کے تحت آسان شرائط پر نوجوانوں کو بلاسود قرضے دیئےجائیں گے۔ منشور کے مطابق معذور نوجوانوں کیلئے 100 فیصد روزگار کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ متحدہ مجلس عمل اپنا یہ دستور کل کے جلسے میں پیش کرے گی۔
خبر کا کوڈ : 724067
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش