0
Saturday 12 May 2018 20:51

ہمارا جلسہ ڈانس پارٹی، خلائی مخلوق، سیکولر اور انتہا پسند قوتوں کی موت ثابت ہوگا، اعجاز ہاشمی

ہمارا جلسہ ڈانس پارٹی، خلائی مخلوق، سیکولر اور انتہا پسند قوتوں کی موت ثابت ہوگا، اعجاز ہاشمی
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علما پاکستان کے مرکزی صدر اور متحدہ مجلس عمل کے نائب صدر پیر اعجاز احمد ہاشمی نے کہا ہے کہ لاہور کا جلسہ ڈانس پارٹی، خلائی مخلوق، سیکولر اور انتہا پسند قوتوں کی موت ثابت ہوگا، پانچوں دینی جماعتیں اتحاد امت کا عملی مظاہرہ کریں گی۔ لاہور میں جے یو پی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایم ایم اے کی بحالی سے مولانا شاہ احمد نورانی اور قاضی حسین احمد مرحوم کی ارواح مقدسہ یقینا خوش ہو رہی ہوں گی، جلسے میں فرزندان توحید، عاشقان مصطفی اور محبان اہل بیت و صحابہ کرام کی تعداد شمار کرنا مشکل ہو جائے گا، جس سے لچر پن اور ڈانس پارٹی کی نیندیں حرام ہو چکی ہیں، ایسے جلسے ملکی تاریخ میں پہلے ملے ہیں، نہ آئندہ ملیں گے، جہاں لوگ پیسے کے زور پر نہیں، اپنے دینی اور سیاسی جذبے کے تحت آئیں گے تاکہ اپنا نام نظام مصطفی کے چاہنے والوں کی فہرست میں لکھوا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ انہیں ڈھول ڈھمکے میں نہیں، عوام کی صحیح نمائندگی اور اسلامی نظام کے نفاذ میں دلچسپی ہے، یہ لوگ پٹواریوں اور سرکاری اساتذہ پر بھی مشتمل نہیں جو حکمران جماعت اپنے جلسوں کیلئے سرکاری وسائل کا بے دریغ استعمال کرکے کرتی ہے۔ پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ لاہور کا جلسہ انتہا پسند قوتوں کی نفی کا بھی پیغام ہے کہ جو فرقوں کی بنیاد پر مسلمانوں میں اختلافات پیدا کرتے ہیں۔ واضح ہے کہ فرزندان توحید ایک پلیٹ فارم پر اجتماعی قیادت کیساتھ موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ عظیم الشان اجتماع اتحاد امت کا بھی پیغام دیتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی وحدانیت، رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہٰ وسلم کی ختم نبوت، قرآن مجید بطور آخری الہامی کتاب اور کعبہ کو قبلہ ماننے والے سب مسلمان ہیں۔ فروعی اور مسلکی اختلافات اپنی جگہ مشترکہ اہداف کی جدوجہد میں ہم سب ایک ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایم ایم اے کا جلسہ مینار پاکستان پر اب تک ہونیوالے جلسوں کا ریکارڈ توڑے گا۔
خبر کا کوڈ : 724171
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش