0
Saturday 12 May 2018 22:20

حکومت آر ایس ایس کا ایجنڈا عملانے کیلئے عوامی حقوق پر شب خون مار رہی ہے، حریت کانفرنس

حکومت آر ایس ایس کا ایجنڈا عملانے کیلئے عوامی حقوق پر شب خون مار رہی ہے، حریت کانفرنس
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر کل جماعتی حریت کانفرنس (گ) نے تحریک حریت کے رہنما محمد رفیق اویسی اور جماعت اسلامی کشمیر کے لیڈر بشیر احمد لون کو گرفتار کرکے کالے قانون ’’پی ایس اے‘‘ کے تحت کوٹ بھلوال جیل منتقل کرنے کی کارروائی کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ سرینگر سے جاری اپنے ایک بیان میں کل جماعتی حریت کانفرنس (گ) کے ترجمان ایاز اکبر نے کہا کہ کشمیر کی کٹھ پتلی حکومت آر ایس ایس کا ایجنڈا عملانے کے لئے عوامی امنگوں اور ان کے حقوق پر شب خون مارنے کے اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب عوام ان غیر جمہوری اور غیر فطری حربوں کے خلاف آواز بلند کرتی ہے تو قابض فورسز ظالمانہ ہتھکنڈے استعمال کرکے ان کو جیلوں میں بند کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محمد رفیق اویسی نے شہید پروفیسر محمد رفیق کے گھر گاندربل جاکر تعزیت کی تھی، جبکہ بشیر احمد لون نے شہید کی نماز جنازہ پڑھائی تھی، لیکن جموں و کشمیر دنیا کا ایک ایسا واحد خطہ ہے جہاں نماز جنازہ اور تعزیت کرنے کو بھی جرم قرار دیا جاتا ہے۔

کل جماعتی حریت کانفرنس (گ) کے ترجمان ایاز اکبر نے اپنے بیان میں کہا کہ یہاں کی آزادی پسند قیادت کی پُرامن سیاسی سرگرمیوں پر مکمل طور پابندی عائد کرکے، عدمِ استحکام اور سیاسی غیریقینیت کا ماحول قائم کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں کی کٹھ پتلی حکومت خود ہی ریاست کے خرمن امن کو آگ لگا رہی ہے، تاکہ ان کے دہلی کے آقا ان سے خوش ہوکر ان کی اقتدار کی کرسی کی مدّت میں اور اضافہ کریں۔ حریت کانفرنس (گ) کے ترجمان نے واضح کردیا کہ کٹھ پتلی حکومت کو جان لینا چاہیے کہ جو آگ وہ جموں کشمیر میں لگا رہے ہیں اس سے وہ کسی بھی صورت میں محفوظ نہیں رہ سکتے اور اُس وقت ان کے دہلی کے آقا بھی ان کے کسی کام نہیں آئیں گے اور یہاں کی زمین ان کے لئے اتنی تنگ ہوجائے گی کہ وہ فوجی حصار سے ایک قدم بھی باہر نہیں رکھ پائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 724182
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش