0
Sunday 13 May 2018 21:15

اصغریہ اسٹوڈنٹس و اصغریہ علم و عمل تحریک کے زیر اہتمام سندھ بھر میں یوم مردہ باد امریکا و اسرائیل کا انعقاد

اصغریہ اسٹوڈنٹس و اصغریہ علم و عمل تحریک کے زیر اہتمام سندھ بھر میں یوم مردہ باد امریکا و اسرائیل کا انعقاد
اسلام ٹائمز۔ اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان اور اصغریہ علم و عمل تحریک پاکستان کے زیر اہتمام سندھ بھر میں 13 مئی کو یوم مردہ باد امریکا و اسرائیل منایا گیا، اس مناسبت سے صوبے بھر میں مردہ باد امریکا و اسرائیل ریلیاں نکالی گئیں، جبکہ مرکزی مردہ باد امریکا ​​و اسرائیل ریلی اولڈ کمپس سے پریس کلب حیدرآباد تک نکالی گئی، مقررین نے شیطان بزرگ امریکا کو مکار، منافق اور انسانیت کا قاتل قرار دیتے ہوئے کہا کہ غاصب اسرائیل کے حامی ممالک فلسطینیوں کے قتل عام، ظلم و بربریت میں برابر کے شریک ہیں۔ تفصیلات کے مطابق اصغریہ اسٹوڈنٹس اور اصغریہ علم و عمل تحریک کے زیر اہتمام 13 مئی بروز اتوار یوم مردہ باد امریکا و اسرائیل منایا گیا، اس موقع پر صوبے کے مختلف ڈویژنز اور اضلاع میں احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں، سرزمین سندھ امریکا مردہ باد و اسرائیل مردہ باد کے نعروں کی سے گونج اٹھی۔ مرکزی ریلی حیدرآباد میں اولڈ کیمپس تا پریس کلب نکالی گئی، جس کی قیادت مرکزی صدر اے ایس او قمر عباس غدیری، اصغریہ علم و عمل تحریک کے مرکزی صدر سید پسند علی رضوی، اصغریہ خواتین علم و عمل تحریک کی صدر سیدہ معصومہ موسوی نے کی۔ مرکزی ریلی میں شریک معصوم بچوں نے فلسطین میں جاری جنگ میں شہید ہونے والے کمسن بچوں کے مناسبت سے علامتی جنازے اٹھائے ہوئے تھے، شریک مظاہرین نے امریکا اور اسرائیل کے خلاف شدید نعرے بازی کی، جبکہ امریکا اور اسرائیل کے پرچم بھی نذر آتش کئے گئے۔

حیدرآباد میں مرکزی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے اصغریہ علم و عمل تحریک کے مرکزی صدر پسند رضوی نے کہا کہ شیطان بزرگ امریکا مکار، منافق اور انسانیت کا قاتل ہے، جس پر بھروسہ کرنا سراسر غلط ہے، غاصب اسرائیل کے حامی ممالک فلسطینیوں کے قتل عام، ظلم و بربریت میں برابر کے شریک ہیں۔ مرکزی صدر اے ایس او قمر عباس نے کہا کہ امریکا نے مقبوضہ بیت المقدس میں اپنے سفارتخانے کا باقاعدہ افتتاح کرکے دنیا بھر کے مظلوموں کے زخموں پر نمک پاشی کی ہے، اسرائیل سے دوستی رچانے والے اسلامی و عرب ممالک قومی غیرت کے جذبے سے خالی اور عیاشی کے چیمپین ہیں، اس تقریب میں شریک ممالک ظلم کے ساتھی ہیں، اسلامی دنیا اپنے علم و جہاد سے ظلم کا مقابلہ کرنے کی تیاری کرے۔ یوم مردہ بار امریکا و اسرائیل کے موقع پر سکرنڈ سٹی میں گورنمیٹ کالج تا پریس کلب سکرنڈ احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس میں مولانا غلام شبیر کانھیو، مولانا سید نثار علی شاہ، سید منظور علی نے خطاب کیا، ڈویژن سکھر کے زیر اہتمام رانی پور سٹی تا بائی پاس ریلی نکالی گئی، جس میں سید صالح شاہ موسوی اور مولانا صفدر علی نے خطاب کیا، میرپور خاص میں میرواھ گورچانی میں ریلی نکالی گئی، جس میں ڈویژنل رہنما غلام رضا کھوسو، حمیر علی، علی نواز پنجتنی نے خطاب کیا، کنڈیارو سٹی میں ریلی سے سید عرفان علی شاہ، تصور علی رضوی اور سید طاہر حیدر نے خطاب کیا، جبکہ دادو ڈویژن کی ریلی خیرپور ناتھن شاہ میں نکالی گئی، جس میں شہزاد علی اور فیاض علی نے خطاب کیا، اس کے علاوہ بھی اندرون سندھ کے کئی ڈویژنز و اضلاع بھی احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں۔
خبر کا کوڈ : 724439
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش