QR CodeQR Code

عمران خان نے نواز شریف کا نام ای سی ایل پر ڈالنے کا مطالبہ کردیا

14 May 2018 18:41

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ بھارت الزام لگاتا ہے کہ پاکستان اپنے لوگ کشمیر میں بھیجتا ہے اور کشمیریوں کو پاکستان بھڑکاتا ہے، بھارت ہمیشہ ہماری فوج کے خلاف بیان دیتا ہے، نوازشریف کے بیان سے بھارت کو بہت فائدہ ہوا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ نواز شریف کا نام ای سی ایل میں شامل کیا جائے جبکہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف استعفیٰ دیں۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران عمران خان نے کہا کہ بھارت الزام لگاتا ہے کہ پاکستان اپنے لوگ کشمیر میں بھیجتا ہے اور کشمیریوں کو پاکستان بھڑکاتا ہے، بھارت ہمیشہ ہماری فوج کے خلاف بیان دیتا ہے، نوازشریف کے بیان سے بھارت کو بہت فائدہ ہوا ہے۔ بھارتی میڈیا میں تاثر دیا گیا کہ پاکستان میں سب کچھ فوج کرا رہی ہے۔ عمران خان نے کہا کہ پاناما اسکینڈل میں نام آنے کے بعد نواز شریف نے ملکی اداروں پر حملے کرنا شروع کر دئیے، انہوں نے یہ حملے ڈر ڈر کر کیے اور اس کے بعد ختم نبوت کا معاملہ آگیا، ختم نبوت کے قانون میں خفیہ طور پر ترمیم کی گئی، ڈان لیکس اور ختم نبوت قانون ایک ہی کڑی ہے۔

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ نوازشریف نے بڑی سوچ سمجھ کر کہا کہ غیر ریاستی عناصر کو روک سکتے تھے، نواز شریف عالمی اسٹیبلشمنٹ سے اپیل کر رہے ہیں کہ مجھے بچاؤ، ملک کا سربراہ باہر کے لوگوں کو کہہ رہا ہے کہ ہماری مدد کرو ہم بےبس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا نام ای سی ایل میں شامل کیا جائے جبکہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف استعفیٰ دیں۔ عمران خان نے واضح کیا کہ اس بار اگر این آر او دینے کی کوشش کی گئی تو پھر پاکستان بھر میں اس کی سخت مزاحمت کی جائے گی، اب وہ دور گئے جب چھپ چھپا کر این آر او کرلیے جاتے تھے۔


 


خبر کا کوڈ: 724694

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/724694/عمران-خان-نے-نواز-شریف-کا-نام-سی-ایل-پر-ڈالنے-مطالبہ-کردیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org