0
Tuesday 15 May 2018 01:34

اسرائیل ایک ناسور ہے، مسلم امہ کو اس کیخلاف یکجا ہونا پڑیگا، جے ایس او

اسرائیل ایک ناسور ہے، مسلم امہ کو اس کیخلاف یکجا ہونا پڑیگا، جے ایس او
اسلام ٹائمز۔ اسرائیل کا وجود کسی صورت تسلیم نہیں کیا جاسکتا، کیونکہ خود بانی پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناح نے بھی اپنا پہلا پالیسی بیان جو اسرائیل کے بارے میں دیا تھا، وہ بھی یہی تھا کہ اسرائیل ایک غاصب ریاست ہے، اسے کسی بھی طور تسلیم نہیں کیا جاسکتا۔ ان خیالات کا اظہار مقررین نے جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے زیراہتمام یومِ مردہ باد اسرائیل کے سلسلے میں کراچی حیدرآباد، لاہور، ملتان، گلگت و بلتستان، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان، پشاور، ڈیرہ اسماعیل خان، پارہ چنار، نصیرا آباد، میرپور خاص، نوابشاہ، دادو، سکھر، خیرپور، لاڑکانہ، گھوٹکی، شکارپور، کندھ کوٹ، کشمور، جیکب آباد سمیت ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں نکالے گئے احتجاجی مظاہروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ احتجاجی مظاہروں سے جے ایس او کے مرکزی صدر غضنفر عباس ساجدی، مولانا عباس مہدی ترابی، مولانا رجب علی حاتمی، مولانا غلام جعفر، مولانا نصرت علی، نوید علی، آفتاب علی، ذیشان حیدر شمسی، جنیل حیدر، سید کاظم شاہ، رضوان علی ساجدی و دیگر نے خطاب کیا۔

مقرین نے کہا کہ اسرائیل ایک ناسور کی صورت اختیار کرچکا ہے۔ ہر روز قابض اسرائیلی فوجی مظلوم فلسطینیوں پر ظلم کے پہاڑ توڑتے نظر آتے ہیں۔ خواتین کی بے حرمتی، نوجوانوں کا قتلِ عام ، گرفتاریاں اور ان کے گھروں کی مسماری روز کا معمول بن چکا ہے۔ مقررین نے مزید کہا کہ اس تمام تر صورتحال کا ذمہ دار امریکہ ہے، کیونکہ اسرائیل یہ سب کچھ اس کے ایماء پر کر رہا ہے۔ جبکہ اقوامِ عالم اور بالخصوص مسلم امہ اور عرب ممالک کا کردار بھی افسوس ناک ہے۔ مقررین کا یہ بھی کہنا تھا کہ امتِ مسلملہ جب تک یکجا نہیں ہوگی، اس وقت تک مسلمانوں کی حالتِ بد سے بدتر ہی رہے گی۔ لہٰذا ضرورت اس امر کی ہے کہ امتِ مسلمہ یک جاں ہوکر اپنے حقوق کی جنگ لڑے۔ مقررین نے مزید کہا کہ گریٹر اسرائیل کا امریکی خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا اور نہ ہی بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالخلافہ تسلیم کیا جائے گا۔ مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور بینرز اٹھا رکھے تھے، جن پر اسرائیل اور امریکہ کے خلاف سخت نعرے دررج تھے۔ مظاہرے کے اختتام پر امریکہ اور اسرائیل کے پرچم بھی نذرِ آتش کئے گئے۔
خبر کا کوڈ : 724816
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش