0
Wednesday 16 May 2018 17:36

معصوم فلسطینیوں پر وحشی حملے اسرائیل کی ننگی جارحیت ہے، مولانا عباس انصاری

معصوم فلسطینیوں پر وحشی حملے اسرائیل کی ننگی جارحیت ہے، مولانا عباس انصاری
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر اتحاد المسلمین نے معصوم فلسطینی عوام پر اسرائیلی بربریت کی سخت مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مظلوم فلسطینی عوام کو تحفظ فراہم کرے۔ اتحاد المسلمین کے سربراہ و بزرگ مزاحمتی رہنما مولانا محمد عباس انصاری نے فلسطینیوں کی مظلومانہ شہادت پر شدید غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانان عالم اسرائیل کی جارحیت پر مزید خاموش نہیں رہ سکتے ہیں۔ انہوں نے حالیہ اسرائیلی بربریت کو ناقابل برداشت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی بربریت بین الاقوامی اصولوں اور انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے، جس پر اقوام متحدہ کی خاموشی مجرمانہ فعل ہے۔ مولانا عباس انصاری نے کہا کہ اسرائیل ایک غاصب صیہونی ریاست ہے اور اس غاصب ریاست کو  کسی بھی صورت میں قبول نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بیت المقدس اسرائیل کی میراث نہیں ہے بلکہ مسلمانان عالم کے دلوں کی دھڑکن ہے جس کی بےحرمتی اور ناجائز قبضہ سے دنیا میں طوفان بھڑک اٹھے گا۔

مولانا عباس انصاری نے کہا کہ غاصب اور منحوس صیہونی ریاست کا وجود صفحہ ہستی سے بہت جلد مٹ جائے گا کیونکہ آئے روز اسرائیل کی ننگی جارحیت پر مسلمانان عالم مزید خاموش نہیں رہ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکی سفارت خانہ بیت المقدس منتقل کرنے کا اقدام اسرائیل کے تابوت میں آخری کیل ہے، جس کا اندازہ اسرائیل اور اس کے پشت پناہوں کو بہت جلد ہوگا۔ مولانا عباس انصاری نے اسرائیل کے ہاتھوں شہید ہونے والے فلسطینیوں کو خراج پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کا مقدس لہو ضرور رنگ لائے گا جو طوفان بن کر اسرائیل کو صفحہ ہستی سے مٹا دے گا۔ جموں و کشمیر اتحاد المسلمین کے سربراہ مولانا عباس انصاری نے کشمیر کی صورتحال پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے ہاتھ مظلوم کشمیری عوام کے خون سے رنگے ہوئے ہیں، جو اسرائیل سے بھرپور مدد لے کر کشمیری قوم کی نسل کشی کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طاقت کے بل بوتے پر نہ کشمیری قوم کی تحریک آزادی کو دبایا جا سکتا ہے اور نہ ہی فلسطینی قوم کو ڈرایا دھمکایا جا سکتا ہے۔ مولانا عباس انصاری نے اقوام متحدہ، مسلمان حکمرانوں اور او آئی سی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارت اور اسرائیل کی دہشتگردی کی روک تھام کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے امت مسلمہ سے بھی اپیل کی کہ وہ متحد ہوکر کشمیری اور فلسطینی قوم کے دفاع کے لئے سامنے آئیں اور ان کو تحفظ دینے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں۔
خبر کا کوڈ : 724986
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش