0
Wednesday 16 May 2018 18:46

نواز شریف کو پاگل پن کے دورے پڑنے شروع ہو گئے ہیں، پی پی پی ملتان

نواز شریف کو پاگل پن کے دورے پڑنے شروع ہو گئے ہیں، پی پی پی ملتان
اسلام ٹائمز۔ پیپلزپارٹی ملتان کے صدر ملک نسیم حسین لابر ایڈووکیٹ، پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کے سیکرٹری تعلقات عامہ بابو نفیس انصاری، ڈویژنل جنرل سیکرٹری ڈاکٹر جاوید صدیقی، ساجد بلوچ، خلیل راں، ضلعی سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین، ڈپٹی سیکرٹری انفارمیشن خواجہ عمران، ارشد مغل، عثمان بھٹی، ملک ندیم نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم نواز شریف کے ملکی سالمیت کے خلاف دیئے جانے والے جھوٹے، بےبنیاد اور گمراہ کن بیان کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔ نواز شریف کو پاگل پن کے دورے پڑنے شروع ہو گئے ہیں، پاکستان ہمیشہ ہمسایہ ممالک کے ساتھ امن و محبت کا رشتہ قائم رکھنا چاہتا ہے، ہمارا ملک آج بھی دنیا میں سب سے زیادہ دہشت گردی کا شکار رہا ہے، ہماری فوج نے ہمیشہ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے ہمسایہ ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنے کی ترجیح دی ہے، نواز شریف کو اقتدار کی ہوس نے اتنا اندھا کر دیا کہ وہ مودی کی محبت میں پاگل ہو چکا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ نواز شریف اینڈ کمپنی وقت سے پہلے سیاسی شہادت حاصل کرنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں، لیکن ان کو سیاسی شہادت نصیب نہیں ہو گی، جمہوریت کو ڈی ریل کرنے کی نواز شریف کی ہر کوشش ناکام ہو چکی اب ایسے جھوٹے بیانات دے کر ملکی سالمیت کو خطرے میں ڈالنا چاہتا ہے، پاکستان ایک امن پسند ریاست ہے اس کے خلاف کسی سازش کو کامیاب نہ ہونے دیا جائے گا، عوام نے نواز شریف کو یکسر مسترد کر دیا ہے، نواز شریف عوام کو اکسانے کے لئے ہر حربہ استعمال کر چکے ہیں لیکن عوام اس لٹیرے کو جان چکی ہے کہ یہ اقتدار کی خاطر کسی حد تک جا سکتا ہے، ایسے جھوٹے اور بےبنیاد بیانات جاری کر کے نواز شریف اداروں کو بلیک میل نہیں کر سکتا، اس کے خلاف فوری طور پر سپریم کورٹ ازخود نوٹس لے کر آرٹیکل 6 کے تحت کاروائی کرے اور الطاف حسین کی طرح اس پر بھی جلسوں سے خطاب پر فوری پابندی عائد کی جائے، اس کے بیان کی جوڈیشل انکوائری کروائی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی کے بانی قائد عوام ذوالفقار بھٹو کو شہید کر دیا گیا مگر ملکی سالمیت کے خلاف ایک لفظ تک نہ کہا، نظیر بھٹو کو 11 سال تک جلاوطن رکھا گیا اور شہید کیا گیا مگر ملکی سالمیت پر کوئی آنچ نہ آنے دی، سابقہ صدر آصف زرداری کو 11 سال پابند سلاسل کیا گیا اور یوسف رضا گیلانی کو ایک سازش کے تحت اقتدار سے ہٹایا گیا مگر اداروں کے خلاف ایک لفظ نہ کہا اور اداروں کا احترام کیا۔

آج اس ملک کی عوام کی خیرخواہ واحد سیاسی جماعت پیپلزپارٹی ہے، جس نے کبھی ملک کی سالمیت پر سودے بازی نہیں کی، قانون آئین کی بالادستی پر مکمل یقین رکھنے والی جماعت ہے۔ پیپلزپارٹی واحد سیاسی جماعت ہے جو ملک کے بڑھتے ہوئے اندرونی و بیرونی مسائل پر قابو پانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ پیپلزپارٹی نے سابقہ دور حکومت میں ثابت کر کے دکھایا کہ جمہوریت کیسے چلتی ہے، قانون آئین کی بالادستی کیسے ہوتی ہے۔ پیپلزپارٹی نے تین ادوار میں کبھی نہیں کہا کہ ہمیں کیوں نکالا پوری قوم جانتی ہے، شہید بےنظیر بھٹو، سابقہ صدر آصف زرداری اور یوسف رضا گیلانی کے خلاف کیا ہو، اس وقت نواز شریف کہاں کھڑے تھے اور آج کہاں کھڑے ہیں؟ یہ گریبان میں جھانکنے کی ضرورت ہے۔ جمہوریت کی آڑ میں 35 سال حکومت کرنے والے میاں صاحبان ملکی اداروں کی تذلیل کرنے والوں کو شرم آنی چاہیئے۔ خدارا ملکی سالمیت اور ملکی بقاء کے لئے میاں صاحب اپنا ڈرامہ بند کرو، قوم اور ملک کے ساتھ بہت کچھ ہو چکا، انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی میں جانے والوں کو ہمارا پیغام ہے کہ جب کشتی میں سوار زیادہ ہو جائے تو قوم جانتی ہے کہ کشتی کے ساتھ کیا ہوتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 725196
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش