QR CodeQR Code

فلسطینیوں کا قتل عام عالمی ضمیر کیلئے چیلنج ہے، صاحبزادہ حامد رضا

16 May 2018 19:05

لاہور میں مختلف وفود سے گفتگو چیئرمین سنی اتحاد کونسل کا کہنا تھا کہ امریکہ نے مقبوضہ بیت المقدس میں سفارت خانہ کھول کر عالمی امن داؤ پر لگا دیا ہے، مظلوم فلسطینیوں کی بیبسی اور مسلم حکمرانوں کی بے حسی کی انتہا ہو گئی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ پوری قوم ایک طرف اور نواز شریف دوسری طرف کھڑا ہے، نواز شریف بلیک میلنگ کے ذریعے این آر او حاصل کرنا چاہتا ہے، فلسطینیوں کا قتل عام عالمی ضمیر کیلئے چیلنج ہے، امریکہ نے مقبوضہ بیت المقدس میں سفارت خانہ کھول کر عالمی امن داؤ پر لگا دیا ہے، مظلوم فلسطینیوں کی بیبسی اور مسلم حکمرانوں کی بے حسی کی انتہا ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی آتش انتقام ملک دشمنی تک جا پہنچی ہے، سابق وزیر اعظم کا بھارت نواز بیان ن لیگ کی گرتی دیوار کیلئے آخری دھکا ثابت ہوا ہے، ن لیگ کی عدلیہ و فوج سے محاذ آرائی محب وطن قوم کیلئے باعث تشویش ہے، وزیراعظم عباسی اپنے نااہل قائد کی بجائے ریاست پاکستان سے وفا نبھائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ پاکستان میں ٹرمپ ازم اور مودی ازم نہیں چلنے دیں گے، شریف خاندان نے پورا ملک داؤ پہ لگا دیا ہے، تیس سال سے اقتدار پر قابض کرپٹ ٹولے کو پاکستان کی سالمیت سے کوئی غرض نہیں، نواز شریف اور اس کے حواری پاک فوج کیخلاف محاذ آرائی کر کے عالمی طاقتوں کی حمایت حاصل کرنا چاہتے ہیں، ن لیگ کے رہبر کے گمراہ کن بیانیہ نے ملک کو کٹہرے میں لا کھڑا کیا ہے۔ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ فلسطینیوں کی نسل کشی کرنے والے اسرائیل کا ہاتھ کون روکے گا۔ اسرائیل فلسطین میں جنگی جرائم کا ارتکاب کر رہا ہے۔ اقوام متحدہ مظلوم فلسطینی مسلمانوں کو اسرائیل کے مظالم سے نجات دلائے۔ امریکہ کی اسرائیل نوازی اور اسلام دشمنی کھل کر سامنے آ چکی ہے۔ مسلم حکمران نہتے فلسطینیوں کے حق میں مشترکہ آواز اٹھائیں۔


خبر کا کوڈ: 725197

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/725197/فلسطینیوں-کا-قتل-عام-عالمی-ضمیر-کیلئے-چیلنج-ہے-صاحبزادہ-حامد-رضا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org