0
Wednesday 16 May 2018 23:54

ملتان، بلوچ اتحاد کونسل کے زیراہتمام نوازشریف کے خلاف احتجاجی ریلی، شدید نعرے بازی

ملتان، بلوچ اتحاد کونسل کے زیراہتمام نوازشریف کے خلاف احتجاجی ریلی، شدید نعرے بازی
اسلام ٹائمز۔ بلوچ اتحاد کونسل کے زیراہتمام میاں نواز شریف کے متنازعہ بیان کے خلاف نواں شہر چوک سے پریس کلب تک نواز شریف مردہ باد ریلی نکالی گئی، جس کی قیادت چیئرمین بلوچ اتحاد کونسل پاکستان سردار عرفان خان رند نے کی۔ ریلی کے شرکاء نے بینر اٹھا رکھے تھے جن پر نواز شریف کے خلاف نعرے اور مطالبات درج تھے۔ بلوچ اتحاد کونسل کے چیئرمین سردار عرفان خان رند نے ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میاں نواز شریف کے ممبئی حملوں سے متعلق بیان سے کروڑوں عوام کے جذبات مجروح ہوئے ہیں، اس بیان کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں، نوازشریف کا بیان من گھڑت اور جھوٹا ہے، جس کی وجہ سے پاکستان کی جگ ہنسائی ہوئی ہے، انہوں نے کہا کہ تین بار وزیراعظم رہنے والا شخص ذہنی توازن کھو بیٹھا ہے اور اب بیرون ملک پناہ کے لئے بھارت اور امریکہ کی زبان بول رہا ہے، تاکہ ان کے آقا اسے بچانے کے لئے آگے جائیں، انہوں نے کہا اداروں پر تنقید بھی اسی سکرپٹ کا حصہ ہے، نواز شریف کہتے ہیں کہ ان کے دل میں راز ہیں یہی وہ راز ہیں جو وہ آشکار کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ نواز شریف پر آرٹیکل 6 کے تحت مقدمہ درج کیا جائے۔

وائس چیئرمین بلوچ اتحاد کونسل صادق خان لاشاری نے کہا کہ نواز شریف کے بیان سے قوم کی دل آزاری ہوئی ہے، نواز شریف غیرملکی آقائوں کے اشارے پر نہ صرف پاکستان بلکہ فوج اور عدلیہ کو بھی بدنام کرنا چاہتے ہیں جس کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ غیر ملکی آقائوں کے اشارے پر چلنے والوں کا محاسبہ کریں گے اور بلوچ اتحاد کونسل ملک کے خلاف کسی بھی اندرونی و بیرونی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دے گی۔ انہوں نے کہا ہم ملکی سلامتی کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، ہم مطالبہ کرتے ہیں نواز شریف کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کرکے انہیں قرار واقعی سزا دی جائے۔ اس موقع پر شوکت خان حجانہ نے کہا کہ پاکستان اس وقت نازک صورتحال سے گزر رہا ہے، پاکستانی قوم ہر مشکل وقت میں اپنی فوج اور عدلیہ کے ساتھ کھڑی ہے، نواز شریف اداروں کے خلاف محاذ آرائی کرکے راہ فرار اختیار کرنا چاہتے ہیں، نواز شریف کو اپنا مستقبل تاریک نظر آرہا ہے، اس لئے وہ بوکھلاہٹ کا شکار ہیں، انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا بیان آرٹیکل 6 زمرے میں آتا ہے اس لئے ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔
خبر کا کوڈ : 725241
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش