0
Friday 18 May 2018 23:55

فلسطین فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام کراچی میں امریکا و اسرائیل کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

فلسطین فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام کراچی میں امریکا و اسرائیل کیخلاف احتجاجی مظاہرہ
اسلام ٹائمز۔ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی اپیل پر جمعہ کو ملک بھر میں یوم یکجہتی فلسطین منایا گیا اور فلسطینی عوام پر امریکی سرپرستی میں جاری صیہونی مظام کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے گئے، جبکہ مرکزی احتجاجی مظاہرہ کراچی میں نیو میمن مسجد کے باہر بعد نماز جمعہ کیا گیا، جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور امریکا و اسرائیل کی جانب سے فلسطینی عوام پر ڈھائے جانے والے انسانیت سوز مظالم کے خلاف صدائے احتجاج بلند کی۔ احتجاجی مظاہرے میں فلسطین فاؤنڈیشن کے مرکزی سرپرست رہنماؤں محفوظ یار خان، محمد حسین محنتی، صابر ابو مریم اور دیگر نے شرکت کی اور خطاب کیا۔ اس موقع پر مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، جن پر القدس فلسطین کا ابدی دارالحکومت ہے، اسرائیل ایک غاصب اور جعلی ریاست، مردہ باد امریکا، اسرائیل نامنظور سمیت فلسطینیوں کے حق میں یکجہتی پر مبنی نعرے درج تھے، شرکائے احتجاج نے امریکی، برطانوی اور صیہونی پرچموں کو نذر آتش کرکے فلسطینیوں کے حق میں اپنے غصہ کا اظہار کیا۔

احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ قبلہ اوّل بیت المقدس مسلمانوں کا ہے اور اس کی اسلامی شناخت کو امریکی سازشوں کے ذریعہ الگ تھلگ نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں پر ستر سال سے غاصب صیہونی حکومت اسرائیل مظالم ڈھا رہی ہے اور امریکا مستقل اسرائیل کی سرپرستی کرکے ان مظالم میں برابر کا شریک جرم بن چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ القدس فلسطین کا ابدی دارالحکومت ہے اور اس کی شناخت کو امریکی سفارتخانہ کی منتقلی کے ذریعہ تبدیل نہیں کیا جا سکتا، امریکا نے فلسطینی مظلوموں کی لاشوں پر اپنا سفارتخانہ کھول کر ثابت کر دیا ہے کہ امریکا کے انسانی حقوق کے تحفظ کے تمام نعرے اور دعوے کھوکھلے ہیں، جبکہ امریکی اقدامات انسانی حقوق کی پائمالی اور عالمی قوانین کی خلاف ورزیوں کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔
خبر کا کوڈ : 725626
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش