QR CodeQR Code

افسوس امت مسلمہ کی ناگفتہ بہ حالت پر 57 اسلامی ممالک خاموش ہیں، علامہ ریاض نجفی

20 May 2018 00:03

جامعہ المنتظر لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر کا کہنا تھا کہ آزادی اور امن و عافیت بہت بڑی نعمت ہے، ہم امن میں رہ رہے ہیں مگر دیگر ممالک میں ہمارے مسلمان بھائی ظلم و اذیت کا شکار ہیں۔ کشمیر، فلسطین کے حالات ہمارے سامنے ہیں، یمن کے حالات بھی بہت ابتر ہیں، وہاں کے مسلمان غذائی مشکلات کا شکار ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر علامہ حافظ سید ریاض حسین نجفی نے عالم اسلام میں انتشار اور امت کو درپیش مسائل میں عدم دلچسپی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انسان کے ذاتی اور اجتماعی کردار کی خرابی کی ایک وجہ موت اور قبر کا یقین نہ ہونا ہے، اللہ تعالٰی نے قرآن حکیم میں گذشتہ امتوں کے انجام سے سبق سیکھنے کی تاکید کی ہے، حدیث مبارکہ ہے کہ اگر کوئی اس طرح صبح کرے کہ اسے مسلمانوں کے امور کی کوئی فکر ہی نہ ہو تو وہ مسلمان ہی نہیں ہے، فلسطینیوں پر حالیہ اسرائیلی مظالم اور بیت المقدس کو دارالخلافہ قرار دینے پر فقط ترکی اور جنوبی افریقہ نے احتجاج کیا، عرب لیگ اور او آئی سی سے کچھ بھی نہیں ہو سکا، حکومتوں کی طرح عام آدمی پر بھی فرض ہے کہ وہ اِس ظلم و ستم کیخلاف آواز اٹھائے، رائے عامہ کو ہموار کرے، کسی احتجاجی یادداشت پر چند افراد کے دستخط کراکر ہی متعلقہ اداروں کو بھیج دے۔

جامعتہ المنتظر میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آزادی اور امن و عافیت بہت بڑی نعمت ہے، ہم امن میں رہ رہے ہیں مگر دیگر ممالک میں ہمارے مسلمان بھائی ظلم و اذیت کا شکار ہیں، کشمیر، فلسطین کے حالات ہمارے سامنے ہیں، یمن کے حالات بھی بہت ابتر ہیں، وہاں کے مسلمان غذائی مشکلات کا شکار ہیں، ان مظلوم مسلمانوں کیلئے سوچنا اور کچھ کرنا مسلمان حکومتوں کی ذمہ داری ہے لیکن افسوس کہ 57 اسلامی ممالک میں کوئی وحدت نہیں، بعض کسی سُپر طاقت کیساتھ وابستہ ہیں حتٰی کہ اپنے مظلوم مسلمانوں پر ہونیوالے مظالم کی مذمت بھی نہیں کر سکتے۔ حافظ ریاض نجفی نے کہا کہ سورہ مبارکہ المرسلات میں انسان کو پہلی امتوں کے انجام سے سبق سیکھنے کی طرف متوجہ کیا گیا ہے، ارشاد ہوا "الم نھلک الاولین" کیا ہم نے اگلوں کو ہلاک نہیں کیا تھا؟ "ثم نتبعھم الآخرین" پھر بعد والوں کو ہم ان کے پیچھے لائیں گے۔ "کذالک نفعل بالمجرمین" مجرموں کیساتھ ہم ایسا ہی کرتے ہیں، پھر ارشاد ہوا "ویل یومئذ للمکذبین" بعد کی آیات میں عذاب کے چند مناظر دکھائے گئے ہیں۔ دھویں اور آگ کا ذکر ہے۔


خبر کا کوڈ: 725908

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/725908/افسوس-امت-مسلمہ-کی-ناگفتہ-بہ-حالت-پر-57-اسلامی-ممالک-خاموش-ہیں-علامہ-ریاض-نجفی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org