0
Sunday 20 May 2018 23:36

پاک فوج کے قدموں کی خاک اپنی آنکھوں کیلئے سرمہ سمجھتا ہوں، جاوید ہاشمی

پاک فوج کے قدموں کی خاک اپنی آنکھوں کیلئے سرمہ سمجھتا ہوں، جاوید ہاشمی
اسلام ٹائمز۔ سینئرسیاستدان سابق رکن اسمبلی مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ ہمیشہ پاکستان کے قومی اداروں کو مضبوط کرنے کی جنگ لڑی ہے اپنی کتاب میں آئی ایس آئی اور ایم آئی کی خدمات کا واضح حوالہ دیا، ان قومی اداروں نے پاکستان کیلئے جو خدمات انجام دی ہیں، وہ امریکی ایجنسی سی آئی اے بھی نہیں کرسکتی، افواج پاکستان کے قدموں سے اڑتی ہوئی خاک کو اپنی آنکھوں کے لیے سرمہ تصور کرتا ہوں، لیکن کسی ادارے کا آلہ کار نہیں۔ میں انٹرویو قومی اداروں کی سربلندی کے لیے دیتا ہوں لیکن اس سے پہلے پاکستان کے جمہوری اداروں کی سربلندی چاہتا ہوں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا کہ ایبٹ آباد واقعہ پر میں نے پارلیمنٹ میں کھڑے ہوکر فوج کی جنگ لڑی ہے، پارلیمنٹ فوج کے ساتھ کھڑی ہے، انہوں نے کہا کہ ملک میں دانستہ خانہ جنگی اور انتشار کی صورتحال پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جس کے واضح آثار موجود ہیں اور اس گیم کے انچارج خفیہ ہاتھ ہیں۔ مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا کہ اظہار تفنن کہہ رہا ہوں کہ بھارت کے مکرو عزائم کو شکست دیں، جاوید ہاشمی کو شکست دینے پر نہ تل جائیں۔ انہوں نے کہا کہ میرے خلاف سوشل میڈیا پر یہ مہم چلائی جا رہی ہے کہ مجھے نماز کے دوران تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے، لیکن میرے ساتھ ایسا کوئی واقعہ پیش نہیں ہوا اور نہ ہی میں نے کوئی گن مین رکھا ہوا ہے۔ یوتھ نے میرے خلاف مہم چلا کر خانہ جنگی کی کیفیت برپا کر رکھی ہے۔ سوشل میڈیا پر پرانی تصاویر لگا کر بدنام کیا جا رہا ہے یہ سوچی سمجھی خانہ جنگی پھیلانے کی سازش ہے، خفیہ ہاتھ سمجھ لے کہ یہ طریقہ درست نہیں مجھے روڈ حادثے میں بھی مارا جا سکتا ہے کبھی مجھ پر خفیہ شادیوں کا الزام لگایا جاتا ہے جبکہ میری بیوی چالیس سال تک اصرار کرتی رہی ہے کہ بیٹا پیدا کرنی کیلئے شادی کرلیں لیکن مجھے اپنی چھ بیٹیاں زیادہ عزیز ہیں۔

مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا کہ میرے مہران بینک کیس میں عمران نے کہا کہ مخدوم جاوید ہاشمی کلیئر ہیں جو لوگ میری شادیوں کا تذکرہ کرتے ہیں مجھے کیا ضرورت ہے اپنی شادیاں چھپانے کی، اگر اعتراض کرنا ہے تو میری بیوی کرے، میری بیٹیاں کریں۔ انہوں نے کہا کہ لبیک یارسول اللہ میرا ایمان ہے، عمرے کے لیے پہلے مدینہ جاتا ہوں اور ختم نبوت کی قیادت کرچکا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ 65ء کی جنگ میں اپنی افواج کے لیے گلی گلی بھیک مانگی ہے، اپنا خون دیا ہے، اپنی فوج کے لیے ہیرامنڈی کی طوائفوں سے بھی چندہ لیا ہے۔ مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا کہ معاملات بگاڑنے کی بجائے بہتر طریقہ سے چلائے جائیں میں آنے والے بحران کو دیکھ کر بول رہا ہوں، جنگیں ہارنے کی بات میں نے نہیں کی یہ باتیں اصغر خان نے اپنی کتاب میں درج کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک افواج کے چاروں سربراہوں نے مجھے سلیوٹ کیا ہے، چیف جسٹس ثاقب نثار نے ایک مرتبہ میرا ہاتھ پکڑ کر چوم کر آنکھوں سے لگایا تھا، جبکہ افتخار چوہدری نے کہا تھا کہ ہم آپ کے پیچھے چلیں گے، مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا کہ آج خطرناک باتیں کرکے (ن) لیگ والوں کو خوفزدہ کیا جا رہا ہے، تحریک انصاف والے کہتے ہیں کہ میں کھڑا نہیں ہوسکتا انہیں جانے یہ اطلاع کس کے ذریعے پہنچی ہے۔

 
خبر کا کوڈ : 726165
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش