0
Monday 21 May 2018 21:49

نریندر مودی نے حقائق جھٹلائے ہیں، سید علی گیلانی

نریندر مودی نے حقائق جھٹلائے ہیں، سید علی گیلانی
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر کل جماعتی حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین سید علی گیلانی نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے دورۂ کشمیر کو ایک خالص فوجی آپریشن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی ہمیشہ یہی کوشش رہی ہے کہ وہ مظلوم قوم کو اپنی فوجی طاقت کے ذریعے خوفزدہ کرکے انہیں اپنی مبنی برصداقت جدوجہد سے مایوس اور بددل کرکے اپنے ناجائز فوجی قبضے کو مستحکم بنا سکے۔ انہوں نے کہا کہ عام شہریوں کی نقل و حرکت پر پہرہ بٹھا کر ریاست کو ’’تاج‘‘ کا تمسخرانہ خطاب دیکر دنیا کو بے وقوف بنانے کی ایک اور بھونڈی کوشش کی گئی ہے۔ نریندر مودی کے اس بیان کہ ’’ہر مسئلے کا حل صرف اور صرف اقتصادی ترقی ہے‘‘ پر تبصرہ کرتے ہوئے سید علی شاہ گیلانی نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نے حقائق سے چشم پوشی اختیار کرکے تاریخ کو جھٹلانے کی ناکام کوشش کی ورنہ ان کو معلوم ہے کہ جتنی Development اور اقتصادی ترقی انگریزوں اور مغلوں کے دور میں ہوئی ہے آج ستر سال گزرنے کے بعد بھی اپنے آپ کو جدید کہنے والا بھارت انہی اقتصادی اور تعمیری شاہ کاروں کی وجہ سے جانا اور پہچاناجاتا ہے۔

سید علی شاہ گیلانی نے کہا کہ اگر نریندر مودی کی بات حقائق اور انصاف پر مبنی ہوتی تو بھارت خود انگریزوں سے آزادی حاصل کرنے کے لئے عسکری اور سیاسی جدوجہد نہیں کرتا۔ نریندر مودی کے کشمیری جوانوں کو گھر واپسی کا مشورہ دینے پر تبصرہ کرتے ہوئے سید علی گیلانی نے کہا کہ یہ بھارت کی ضد، ہٹ دھرمی، توسیع پسندانہ عزئم، فوجی تسلط اور جابرانہ قبضہ ہی ہے، جو یہاں کے عوام کے لئے درد و کرب اور مسلسل عذاب و عتاب کا باعث بنا ہوا ہے، ورنہ ہماری قوم پُرامن اور زرخیز ذہن کی حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے اپنے قدرتی وسائل اور ذخائر پر ناجائز قبضہ کرکے اربوں روپے کے پروجیکٹوں سے پیدا کی ہوئی ہزاروں میگاواٹ بجلی، جنگلات سے سبز سونا اور باقی اشیاء کو بھارتی ریاستوں کو فراہم کرکے یہاں کے عوام کو پانی، بجلی، اور دوسری بنیادی ضرورتوں کے لئے ہاتھ پھیلانے پر مجبور کیا جارہا ہے۔
خبر کا کوڈ : 726398
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش