0
Tuesday 22 May 2018 18:13

نواز شریف نے بھارت نواز بیان دے کر اپنی پارٹی پر خودکش حملہ کیا ہے، صاحبزادہ حامد رضا

نواز شریف نے بھارت نواز بیان دے کر اپنی پارٹی پر خودکش حملہ کیا ہے، صاحبزادہ حامد رضا
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور نظام مصطفے متحدہ محاذ کے سیکرٹری جنرل صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ نواز شریف کا ملک دشمن انٹرویو بیانیہ نہیں شیطانیہ ہے، یکم جون کے بعد ن لیگ والوں کو سر بچانے اور سر چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی، پاک فوج سے نفرت اور نریندر مودی سے محبت کرنیوالا پاکستانی قوم کا لیڈر نہیں ہو سکتا، ڈان لیکس ٹو کے بعد اب نواز شریف ڈان لیکس تھری اور فور کی تیاری کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنرل ضیا کی کوکھ سے جنم لینے والی ن لیگ مزاحمتی سیاست نہیں کر سکتی، تاحیات نااہل کرپشن شریف کو کسی ماہر نفسیات سے علاج کروانے کی ضرورت ہے، اپنے سیاسی مستقبل سے مایوس نواز شریف جیل جانے اور جائیداد ضبط ہونے کے خوف میں بہکی بہکی باتیں کر رہا ہے، کیا کبھی بھارتی وزیراعظم نے پاکستان میں قتل عام کے مجرم کل بھوشن کا الزام اپنے اداروں پر لگایا۔ انہوں نے کہا کہ مادر وطن کی مٹی کو اپنے پاک لہو سے سیراب کرنیوالے سرفروش محسنوں کو خلائی مخلوق کہنا ملک دشمنی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنی اتحاد کونسل کے الیکشن سیل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ نواز شریف نے بھارت نواز بیان دے کر اپنی پارٹی پر خودکش حملہ کیا ہے، ن لیگ کے تاحیات قائد کے بھارت نواز بیان سے پاکستان کو نقصان اور بھارت کو فائدہ ہوا ہے، نواز شریف نے ممبئی حملوں کے معاملے پر بھارت کے سرکاری موقف کی تائید کی ہے، ناموس ارض وطن سے غداری ناقابل معافی جرم ہے، مشتعل نواز شریف ملک میں انارکی پھیلانا چاہتا ہے، قوم نے سابق نااہل وزیراعظم کا کانگریسی بیانیہ مسترد کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے ہمیشہ وزیراعظم کی بجائے مغل اعظم بننے کی کوشش کی، ن لیگ سیاسی خودکشی کے راستے پر چل رہی ہے۔ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ پاک فوج ملکی سلامتی کی ضامن ہے، فوج کو کمزور کرنا ملک کو کمزور کرنا ہے، پاک فوج کے دشمن دراصل پاکستان کے دشمن ہیں، قوم الیکشن میں فوج اور عدلیہ کے مخالفین کو ووٹ نہیں دے گی، ڈالروں میں ارب پتی نواز شریف غریبوں کا ہمدرد کیسے ہو سکتا ہے، نواز شریف کا مظلومیت کا ڈرامہ فلاپ ہو گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 726656
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش