0
Wednesday 23 May 2018 00:53

وزیراعظم 27 مئی کو گلگت بلتستان اسمبلی و کونسل کے مشترکہ سیشن سے خطاب کرینگے

وزیراعظم 27 مئی کو گلگت بلتستان اسمبلی و کونسل کے مشترکہ سیشن سے خطاب کرینگے
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی 27 مئی کو گلگت کا دورہ کرینگے اور وہاں اسمبلی و کونسل کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے گلگت بلتستان آرڈر 2018ء کا باضابطہ اعلان کرینگے۔ ادھر اسپیکر قانون ساز اسمبلی نے اسمبلی ممبران کی ریکوزیشن پر 27 مئی کو اسمبلی کا اجلاس طلب کر لیا ہے۔ اسمبلی و کونسل کے جوائنٹ سیشن سے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی خطاب کرینگے، گلگت بلتستان کیلئے نئے انتظامی اصلاحاتی پیکج کے ساتھ ساتھ دیگر اہم اعلانات بھی متوقع ہیں۔ ادھر اسلام آباد میں ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں گلگت بلتستان آرڈر 2018ء کو پیش نہیں کیا جاسکا، تاہم وفاقی کابینہ نے کونسل کو ایڈوائزری باڈی کے طور پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا۔ دوسری جانب اپوزیشن نے نئے آرڈر کیخلاف 25 مئی سے احتجاجی مظاہروں کی کال دیتے ہوئے گلگت بلتستان کو جام کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

 قانون ساز اسمبلی اپوزیشن اراکین نے گلگت بلتستان آرڈر 2018ء کیخلاف پورے خطے کو جام کرنے کیلئے تیاریاں شروع کر دیں، پیر کے روز پارلیمنٹ کے سامنے علامتی دھرنا دینے کے بعد اپوزیشن ممبران نے اعلان کیا تھا کہ اگلے مرحلے میں گلگت بلتستان کے عوام کو سڑکوں پر لایا جائے گا، منگل کے روز اپوزیشن اراکین اسلام آباد سے گلگت روانہ ہوگئے اور وہاں پہنچنے کے بعد عوامی حلقوں سے مشاورت کا عمل تیز کر دیا ہے۔ رکن اسمبلی جاوید حسین نے میاچھر نگر میں عمائدین سے ملاقات کی اور ممکنہ تحریک کے حوالے سے اعتماد میں لیا۔ دوسری جانب اپوزیشن لیڈر کیپٹن(ر) محمد شفیع نے بھی مقامی سٹیک ہولڈرز سے مشاورت شروع کردی ہے۔ رکن اسمبلی کاچو امتیاز نے بھی ممکنہ لانگ مارچ یا دھرنے کی صورت میں زیادہ سے زیادہ عوام کی شرکت یقینی بنانے کیلئے کوششیں تیز کر دی ہیں۔ دوسری جانب عوامی ایکشن کمیٹی گلگت بلتستان نے متحدہ اپوزیشن کے مطالبات اور احتجاج کی مکمل حمایت کرتے ہوئے بھرپور ساتھ دینے کا اعلان کیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 726724
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش