0
Wednesday 23 May 2018 18:26

دہشتگرد نریندر مودی پاکستان میں تباہی دیکھنا چاہتا ہے، اعجاز ہاشمی

دہشتگرد نریندر مودی پاکستان میں تباہی دیکھنا چاہتا ہے، اعجاز ہاشمی
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علما پاکستان کے مرکزی صدر اور متحدہ مجلس عمل کے نائب صدر پیر اعجاز احمد ہاشمی نے کہا ہے کہ آبی جارحیت پر بھارتی مکاری کا بروقت ادراک نہ کرنا وزارت خارجہ اور کمشنر سندھ طاس معاہدہ کی نااہلی ہے، ایک عرصے سے جاری اس قومی غفلت کے ذمہ داروں کو بے نقاب ہونا چاہیے، انتہاپسند ہندو پاکستان کی سرزمین کو بنجر کرنا چاہتے ہیں، جس کا سدباب نہ کیا گیا تو ہمارے لئے حالات اچھے نہیں رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو منہ توڑ جواب نہ دیا تو پانی کی بوند بوند کو ترس جائیں گے، ہماری زراعت تباہ ہونے کا خدشہ ہے، زرعی ملک ہونے کے ناطے ہمیں اپنی معیشت کا تحفظ اور دشمن کی چالاکیوں کا مقابلہ بھی کرنا ہے۔ لاہور میں کارکنوں سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کشن گنگا ڈیم کی تعمیر بین الاقوامی قوانین اور سندھ طاس معاہدہ کی خلاف ورزی ہے، جس کا عالمی بینک اور عالمی عدالت انصاف کو نوٹس لینا چاہیے، حکومت بھی معاملے کو بین الاقوامی برادری کے سامنے اٹھائے، نریندر مودی دہشتگرد ہے، جو پاکستان کی ہر صورت تباہی دیکھنا چاہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں عسکری دہشتگردی کے بعد اب پاکستان پر آبی جارحیت مسلط کرنے کی سازش تیار کرلی ہے، جسے پاکستانی ماہرین سفارتکاری و قانون کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے، جنوبی ایشیا کا امن مسئلہ کشمیر سے جڑا ہے، بھارت مسلسل بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے، ایک طرف وہ نہتے اور معصوم افراد کو نشانہ بنا رہا ہے اور 1947ء سے اب تک مقبوضہ کشمیر میں بھارتی سفاکیت جاری ہے تو دوسری جانب وہ پاکستانی پانیوں پر قبضہ کیلئے کشن گنگا ڈیم جیسے منصوبے بناکر آبی جارحیت مسلط کرنا چاہتا ہے جوکہ سندھ طاس معاہدہ سمیت دیگر بین الاقوامی معاہدوں کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کو اس معاملے کو بین الاقوامی سطح پر فی الفور اجاگر کرنا ہوگا اور عالمی توجہ مبذول کرانا ہوگی۔ ان کا کہنا تھاکہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن بھی مسئلہ کشمیر کے پرامن حل سے جڑا ہے جب تک مسئلہ کشمیر کا حل عوامی امنگوں کے مطابق نہیں نکلتا پائیدار امن کا خواب شرمندئہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ مسئلہ کشمیر کو مزید موثر انداز میں اٹھائے، کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت کو مزید موثر اور تیز کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 726858
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش