0
Wednesday 23 May 2018 23:39

آئی ایس او کا 46 واں یوم تاسیس، کراچی میں کارکنان و سابقین کے اعزاز میں افطار و تقریب

آئی ایس او کا 46 واں یوم تاسیس، کراچی میں کارکنان و سابقین کے اعزاز میں افطار و تقریب
اسلام ٹائمز۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان آج ایک تناور درخت اور شجر طیبہ کی صورت میں ملک کے گوشے گوشے میں موجود ہے، یہ آئی ایس او پاکستان کا امتیاز ہے کہ اس کا شمار آج دنیا کی عالمی طلبہ تنظیموں اور تحریکوں میں ہوتا ہے، آئی ایس او نے بحرانوں میں بھی خط ولایت کو برقرار رکھا، جس کی آئی ایس او کو سزائیں بھی دی گئیں، اس کے مقابلے میں دیگر طلبہ تنظیموں کو وجود میں لایا گیا، تاکہ انہیں خط ولایت سے ہٹایا جاسکے۔ ان خیالات کا اظہار مقررین نے آئی ایس او پاکستان کراچی ڈویژن کی جانب سے 46 ویں یومِ تاسیس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تفصیلات کے مطابق امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کا 46 واں یوم تاسیس ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی پورے جوش و جذبے سے منایا گیا۔ یومِ تاسیس کا مرکزی پروگرام آئی آر سی لان عائشہ منزل میں منعقد کیا گیا، پروگرام میں علامہ مرزا یوسف حسین، علامہ حیدر عباس عابدی، علامہ نثار قلندری، شبر رضا، پروفیسر زاہد علی زاہدی، نوازش رضا، آئی ایس او پاکستان کے صوبائی صدر علی اویس زیدی، فرزند بانی آئی ایس او دانش نقوی، سابق ڈویژنل صدور فرخ سجاد، علی نیئر زیدی، محمد علی، میثم عابدی، سلمان حسینی، محمد کاظم، یاور عباس، محمد اکبر، صابر کربلائی سمیت آئی ایس او کے ممبران، علماء کرام اور تمام جامعات و کالجز کے طلباء نے شرکت کی۔ طلباء سے خظاب کرتے ہوئے پروفیسر زاہد علی زاہدی نے کہا کہ آئی ایس او کو تعلیمی اداروں میں مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے، آئی ایس او طلبہ کے لئے امید کی کرن ہے۔

نوازش رضا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایس او 46 سالہ جدوجہد کی ایک ایسی روشن حقیقت ہے، جس کے اثرات و ثمرات کا وزن معاشرے میں واضح طور پر محسوس کیا جا سکتا ہے، آئی ایس او کے یہ نوجوان اس دور میں اسلام کے نمائندے بن کر ابھرے کہ جب تعلیمی اداروں میں دین کی بات کرنے والوں اور باریش جوانوں کو تنقید کا نشانہ بنایا جاتا تھا، ایسے مشکل حالات میں آئی ایس او نے جوانوں کو کمیونزم اور سوشلزم کی دلدل سے نکال کر ایک نئی شناخت عطا کی اور تعلیمی رشد عطا کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے فکری شعور کو اجاگر کرتے ہوئے جوانوں کو ایک عالمی نہضت کے ساتھ مربوط کر دیا۔ علی اویس زیدی نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقام شکر ہے کہ آج ہم اس نعمت پردردگار کا 46 واں یوم تاسیس منا رہے ہیں، یہ دن جہاں تشکر کا دن ہے، وہیں محاسبہ اور تجدید عہد کا دن ہے، اس دن تجدید عہد کرنا ہے کہ ہم ماضی کی طرح اپنے سفر کی پہلے سے کہیں زیادہ منظم اور مستحکم انداز میں جاری رکھیں گے، آج آئی ایس او پاکستان کا شمار فقط ایک طلبہ تنظیم کے طور پر نہیں بلکہ عالمی اسلامی تحریکوں میں ہوتا ہے، دنیا کی تمام انقلابی، اسلامی تحریکیں آئی ایس او پاکستان سے واقف ہیں اور اسے پاکستان میں استعماری سازش کے خلاف نبردآزما جوانوں کی ایک منظم تحریک کے طور پر پیش کرتی ہیں، اس عظیم موقع پر ملت اسلامیہ کے تمام غیور فرزندان سے التماس کروں گا کہ وہ اس مقام پر خدا کا شکر ادا کریں اور اس کارواں حریت کو مضبوط کرنے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔
خبر کا کوڈ : 726931
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش