0
Friday 25 May 2018 22:12

جی بی آرڈر 2018ء کی غلط تشریح کرکے اپوزیشن عوام کو گمراہ کر رہی ہے، حفیظ الرحمان

جی بی آرڈر 2018ء کی غلط تشریح کرکے اپوزیشن عوام کو گمراہ کر رہی ہے، حفیظ الرحمان
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلٰی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمٰن نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان ریفارم 2018ء کے نفاذ کے بعد جی بی ملک کے دیگر صوبوں کے برابر ہوگا۔ پنجاب، سندہ بلوچستان اور کے پی کے کے جو اختیارات ہیں وہی گلگت بلتستان کے ہوں گے۔ اپوزیشن منفی پروپیگنڈے سے عوام کو گمراہ کر رہی ہے۔ اپوزیشن کو امید نہیں تھی کہ مسلم لیگ نون کے دور حکومت میں جی بی کو مالی، انتظامی اور سیاسی اختیارات ملیں گے۔ جیسے ہی انہیں پتا چلا کہ مسلم لیگ نون باقی وعدوں کی طرح یہ وعدہ بھی پورا کرنے جا رہی ہے تو مخالفین بھوکھلا گئے۔ ان کے پاس جی بی ریفام کے حوالے سے غلط تشریح کرکے ہمدردیاں حاصل کرنے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں بچا تھا۔ اسی سوچ کے تحت سوشل میڈیا اور اخبارات میں منفی پروپیگنڈہ شروع کر دیا، لیکن عوام نے اپوزیشن کا منجن مسترد کردیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز اسلام آباد میں صحافیوں اور یوتھ کے وفود سے گفتگو میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن بالکل غلط اور منفی پروپیگنڈہ کر رہی ہے۔ آئین کے مطابق ملک کے باقی صوبوں کے جو اختیارات وزیراعظم کے پاس ہیں وہی اختیارات گلگت بلتستان کے بھی وزیراعظم کے پاس ہیں۔ آئین کے شیڈول فور اور شیڈول فائیو کے تحت صوبوں اور وفاق کے اختیارات معین ہیں۔


وزیراعلٰی جی بی نے کہا کہ اس ریفام کے بعد گلگت بلتستان کے عوام مکمل صوبائی خود مختاری کے حامل ہوں گے۔ اپوزیشن کا کہنا ہے کہ نئے آرڈر کے تحت جی بی کی زمینوں پر وفاق کا اختیار ہوگا، یہ جھوٹا پروپیگنڈہ ہے اب نئے آرڈر کے بعد وفاق کو کوئی زمین ضرورت ہو تو گلگت بلتستان حکومت سے رجوع کرے گی۔ اب گلگت بلتستان کے شہری کے علاوہ گورنر کوئی نہیں بن سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ حق ملکیت کے جذباتی نعرے سے ہمارے مخالفین عوام کی ہمدردیاں حاصل کر رہے ہیں، جبکہ حقیقت تو یہ ہے کہ حق ملکیت کے سب سے بڑے محافظ ہم ہیں، جس نے پہلی مرتبہ جی بی کی آٹھ لاکھ ایکڑ زمین آباد کرکے عوام کو دینے کا منصوبہ بنایا ہے۔ حفیظ الرحمان نے کہا کہ اپوزیشن اپنی طرف سے جی بی ریفارم آرڈر کے حوالے سے اپنی من پسند تشریحات کرکے عوام کو ان کے حقوق سے دور رکھنا چاہتی ہے۔ اپوزیشن کے پاس اپنی سیاسی زندگی کے لئے کوئی ایشیو بچا نہیں ہے۔ مسلم لیگ نون نے اپنے انتخابی منشور میں کئے گئے تمام وعدوں پر عمل کیا ہے۔ ایسے میں اپوزیشن کے ہاتھ کچھ بچا نہیں، جس سے عوام کو گمراہ کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ نون نے کبھی گلگت بلتستان کو پانجواں صوبہ بنانے کا نعرہ نہیں لگایا ہے۔
خبر کا کوڈ : 727270
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش