0
Saturday 26 May 2018 14:16

بھارت و پاکستان کے درمیان محاذ آرائی قابل تشویش ہے، سید علی گیلانی

بھارت و پاکستان کے درمیان محاذ آرائی قابل تشویش ہے، سید علی گیلانی
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر کل جماعتی حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین سید علی گیلانی نے خونی لکیر کے آرپار دو ایٹمی طاقتوں کے درمیان محاذ آرائی اور معصوم انسانی جانوں کے اتلاف پر اپنے گہرے دُکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے ارباب اقتدار پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ متنازعہ سرحد پر روز روز کی خونین جھڑپوں کے دوران عام لوگوں پر پڑنے والے مضر اثرات، مال و جان کے حوالے سے شدید خطرات اور عدمِ اطمینان کی کیفیت کا سنجیدگی کے ساتھ غور و فکر کرکے انسانی تاریخ میں ایک نئے خوش آئند باب کو رقم کرنے کے لئے مسئلہ کشمیر کو حقائق کی روشنی میں حل کرنے کا آغاز کرنا چاہیے۔ سید علی شاہ گیلانی نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر خاک اور خون کی ہولی کھیلنے سے نہ صرف ان علاقوں میں رہنے والے لوگوں، بلکہ جموں کشمیر سمیت بھارت اور پاکستان میں بود و باش رکھنے والی انسانی آبادی کو بھی بُری طرح سے متاثر کرکے رکھ دیا ہے۔

سید علی شاہ گیلانی نے اس ضمن میں بھارت کو مورد الزام ٹھہراتے ہوئے کہا کہ اگرچہ پوری ریاست جموں و کشمیر کو اس کے افواج نے آگ و آہن کی بھٹی میں جھونک دیا ہے، لیکن اس کے باوجود لوگ آزادی کے حق میں فلک شگاف نعرے بلند کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اس حقیقت کو جھٹلا رہا ہے اور یہاں کی نوشتہ دیوار پڑنے کے بجائے سڑکوں کے جال بچھانے، پاور پروجیکٹوں کی تعمیر، حصول روزگار اور معاشی ترقی کو فروغ دینے جیسے پُرفریب نعروں کو ایجاد کرکے عام لوگوں کی توجہ حقِ خودارادیت کی تحریک سے ہٹائے جانے کی اُمید لئے بیٹھا ہے، لیکن یہاں اس کا کوئی خریدار نہیں ہے۔
خبر کا کوڈ : 727311
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش