0
Saturday 26 May 2018 20:27

اتحاد و اتفاق ہماری کامیابی کی واحد ضمانت ہے، یاسین ملک

اتحاد و اتفاق ہماری کامیابی کی واحد ضمانت ہے، یاسین ملک
اسلام ٹائمز۔ اتحاد و اتفاق ہماری کامیابی کی واحد ضمانت ہے اور یہی ہتھیار ہے کہ جس سے ہم باطل پر غلبہ پا سکتے ہیں۔ بھارت نے کشمیریوں کے حق آزادی اور حق خودارادیت کو دبانے کے لئے ہمیشہ تعمیر و ترقی اور امن کے نعرے بلند کئے۔ مذہب سے دُوری اور زرپرستی نے ہمارے سماج کو خراب کرکے اس کے تانے بانے کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ ان باتوں کا اظہار جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے آج سرینگر میں مسجد امام زمانہ (عج) میں موجود لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس دوران مسلمانوں کے درمیان اتحاد و اتفاق کو مضبوط تر کرنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے یاسین ملک نے کہا کہ ہم سب ایک اللہ، ایک رسول آخر زمان (ص)، ایک کعبے، ایک کلمے اور ایک قرآن میں ایمان رکھتے ہیں اور اسی لئے ہم پر لازم ہے کہ اپنے جملہ امور حیات میں ایک بن کر رہیں۔

انہوں نے کہا کہ دشمن ہماری صفوں کے اندر مسلک اور مشرب کے نام پر انتشار و افتراق پھیلانا چاہتا ہے اور ہمارے علماء، مذہبی دانشوروں اور سماجی راہنماؤں پر لازم ہے کہ وہ مسلمانوں کی صفوں کے اندر اتحاد کو قائم رکھنے اور مضبوط بنانے کے لئے کاوشیں تیز کریں۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے کشمیر آکر دئے گئے بیان کہ جس میں انہوں نے کشمیر کی تعمیر و ترقی کی باتیں کی تھیں کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے یاسین ملک نے کہا کہ دنیا کی تاریخ اس بات کی شاہد ہے کہ ہر قابض و جابر اپنے مفتوحہ اور مقبوضہ اقوام اور زمینوں کے لئے تعمیر، ترقی، امن و استحکام کی باتیں بناتا رہتا ہے اور مقبوضین کو ایسے ہی خوشمنا نعروں سے فریب دے کر ان کے حق آزادی کو دبائے رکھتا ہے۔

یاسین ملک نے کہا کہ بنیادی مسئلہ جموں کشمیر کو حل کئے بغیر تعمیر و ترقی اور امن و استحکام کی باتیں کرنا خواب ہی رہیں گی، اس لئے حق کی نفی اور لیپا پوتی صرف اور صرف مذید عدم استحکام اور خرابی ہی پیدا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ جموں کشمیر ایک زندہ حقیقت ہے اور پُرفریب نعروں سے اس کو معدوم کرنا کسی کے بس میں نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضروری ہے کہ اس حقیقت کو تسلیم کیا جائے اور قربانیاں دینے والے جموں کشمیری عوام کی امنگوں اور مطالبات کے عین مطابق اس کو حل کرنے کی جانب توجہ مبذول کی جائے۔
خبر کا کوڈ : 727418
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش