0
Saturday 26 May 2018 20:01

خیبر پختونخوا کے نگراں وزیراعلٰی کیلئے منظور آفریدی کے نام پر اتفاق

خیبر پختونخوا کے نگراں وزیراعلٰی کیلئے منظور آفریدی کے نام پر اتفاق
اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا کے نگراں وزیراعلٰی کیلئے منظور آفریدی کے نام پر اتفاق کر لیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلٰی پرویز خٹک اور اپوزیشن لیڈر مولانا لطف الرحمٰن کے درمیان منظور آفریدی کے نام پر اتفاق ہو گیا۔ منظور آفریدی فاٹا کی خیبر ایجنسی سے تعلق رکھتے ہیں، جن کا تعلق ایک تاجر خاندان سے ہے۔ وہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر ایوب آفریدی کے بھائی اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی کے چچا زاد بھائی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ منظور آفریدی سیاست میں فعال کردار ادا نہیں کر رہے، بلکہ وہ کاروباری شخصیت ہیں۔ توقع کی جا رہی ہے کہ پرویز خٹک اور لطف الرحمٰن مشترکہ پریس کانفرنس میں نگران وزیراعلٰی خیبر پختونخوا کے نام کا اعلان کریں گے۔

واضح رہے کہ موجودہ حکومت کی آئینی مدت 31 مئی 2018ء کو ختم ہو جائے گی، جس کے بعد نگراں حکومت آئندہ انتخابات تک اپنی ذمہ داریاں سنبھالے گی۔ مروجہ طریقہ کار کے مطابق نگراں وزیراعظم کے انتخاب کیلئے وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کی طرف سے نام سامنے آتے ہیں اور کسی ایک نام پر اتفاق ہونے پر اسے نگراں وزیراعظم نامزد کر دیا جاتا ہے۔ پہلے مرحلے میں کسی نام پر اتفاق نہ ہونے کی صورت میں نگراں وزیراعظم کے انتخاب کا معاملہ پارلیمانی کمیٹی کے پاس جاتا ہے اور اگر کمیٹی بھی کسی حتمی نتیجے پر نہ پہنچ سکے تو معاملہ الیکشن کمیشن کے پاس جاتا ہے، جس کے بعد الیکشن کمیشن تجویز کردہ ناموں میں سے کسی ایک موزوں شخص کا انتخاب بطور نگراں وزیراعظم کرتا ہے۔ دوسری جانب صوبوں کے نگراں وزرائے اعلٰی کیلئے بھی مشاورتیں جاری ہیں اور اب تک صرف خیبر پختوںخوا کی جانب سے ہی متفقہ نام سامنے آیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 727448
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش