0
Sunday 27 May 2018 00:34

گلگت بلتستان آرڈر 2018ء کیخلاف عوامی ایکشن کمیٹی کی احتجاجی ریلی پر پولیس کا لاٹھی چارج، متعدد زخمی

گلگت بلتستان آرڈر 2018ء کیخلاف عوامی ایکشن کمیٹی کی احتجاجی ریلی پر پولیس کا لاٹھی چارج، متعدد زخمی
اسلام ٹائمز۔ گلگت بلتستان آرڈر 2018ء کے خلاف متحدہ اپوزیشن اور عوامی ایکشن کمیٹی کی احتجاجی ریلی پر پولیس کا لاٹھی چارج، آنسو گیس کی شیلنگ سے تحریک انصاف کے رکن اسمبلی راجہ جہانزیب خان، عوامی ایکشن کمیٹی کے چیئرمین مولانا سلطان رئیس، جنرل سیکرٹری یعصوب الدین، راجہ جہانزیب کے بیٹے جہانگیر، تحریک انصاف کے ابرار بگورو، پی ایس ایف کے رہنما شرافت بیگ سمیت متعدد مظاہرین شدید چوٹیں آنے کے باعث زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو طبی امداد کیلئے فوری طور پر ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق طے شدہ پروگرام کے تحت عوام ہفتہ کے روز اسمبلی سیکرٹریٹ کے باہر گلگت بلتستان آرڈر 2018ء کے خلاف دھرنا دینے کی غرض سے دوپہر تین بجے گھڑی باغ گلگت سے ریلی کی شکل میں صوبائی حکومت اور وزیراعلٰی کے خلاف نعرہ بازی کرتے ہوئے چنار باغ کی جانب روانہ ہوئے۔ ریلی کی قیادت متحدہ اپوزیشن کے اراکین اور عوامی ایکشن کمیٹی کے چیئرمین مولانا سلطان رئیس کر رہے تھے۔

احتجاجی ریلی چنار باغ جاتے ہوئے جب ریور ویو روڈ اور ڈومیال لنک روڈ کے سنگم پر پہنچی تو پولیس نے آگے جانے سے روک دیا۔ اس دوران متحدہ اپوزیشن کے رہنما مظاہرین اور پولیس کے مابین بحث و مباحثے کے بعد باقاعدہ ہاتھا پائی شروع ہوئی، جس کے بعد پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے لاٹھی چارج شروع کر دیا، مگر لاٹھی چارج کے باوجود بھی مظاہرین منتشر نہ ہوئے تو پولیس نے آنسو گیس کی شیلنگ کے ساتھ ساتھ ہوائی فائرنگ بھی شروع کر دی۔ پولیس کے لاٹھی چارج اور آنسو گیس کی شیلنگ کے باعث متعدد افراد کو شدید چوٹیں آئیں۔ گلگت میں پیش آنے والے اس ناخوشگوار واقعے کے خلاف اپوزیشن ممبران نے وزیراعلٰی سمیت دیگر افراد پر ایف آئی آر درج کروانے کیلئے سٹی تھانہ گلگت میں درخواست دیدی۔ اس واقعے کے فوراً بعد مظاہرین مذکورہ مقام پر دوبارہ دھرنا دے کر بیٹھ گئے۔ اس دوران اپوزیشن کے رہنماء مسلسل خطاب کرتے رہے، شام کے وقت دھرنے کو ختم کر دیا گیا جبکہ افطار کے بعد رات 9 بجے اتحاد چوک گلگت میں متحدہ اپوزیشن اور مظاہرین نے دوبارہ دھرنا دیا ہے، جو رات بھر اور اتوار کے روز بھی جاری رہے گا۔
خبر کا کوڈ : 727530
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش