0
Tuesday 29 May 2018 22:50

کراچی میں پائیدار امن کیلئے تعصب کا خاتمہ ضروری ہے، آئی جی سندھ

کراچی میں پائیدار امن کیلئے تعصب کا خاتمہ ضروری ہے، آئی جی سندھ
اسلام ٹائمز۔ آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے کہا ہے کہ کراچی کو بدقسمتی سے کوئی اون نہیں کرتا، امن و امان سے کاروبار میں تیزی آتی ہے، شہر میں پائیدار امن کیلئے تعصب کا خاتمہ ضروری ہے اور سخت پولیسنگ سے کراچی کے مسائل حل نہیں ہو سکتے، رمضان میں بھکاریوں کی طرح جرائم پیشہ افراد بھی کراچی آ جاتے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت (ایف پی سی سی آئی) کے دورے کے موقع پر تاجر و صنعتکاروں سے خطاب اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ آئی جی سندھ نے کہا کہ کراچی میں سب سے زیادہ زمینوں پر قبضہ نظر آتا ہے، لسانی بنیاد پر قتل ہوتا ہے تو اس کے ری ایکشن کو روکنا مشکل ہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملزمان گواہ کے نہ ہونے سے 3 ماہ میں بری ہو کر باہر آجاتے ہیں۔ آئی جی سندھ نے کہا کہ کراچی کے شہریوں کے دماغوں میں تعصب کا زہر گھولا گیا، شہر میں پائیدار امن کیلئے تعصب کا خاتمہ ضروری ہے۔

آئی جی سندھ نے کہا کہ یہ پہلا آپریشن نہیں، کراچی میں پہلے بھی کئی آپریشن ہو چکے ہیں، آخر کیوں کراچی میں بار بار آپریشن کی ضرورت پڑتی ہے، سخت پولیسنگ سے کراچی کے مسائل حل نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں ہر جگہ چھوٹی چھوٹی مافیاز موجود ہیں، معاشی سرگرمیوں کی وجہ سے بھی جرائم پیشہ عناصر کراچی آتے ہیں، پنجاب اور سندھ پولیس نے 15 لاکھ جرائم پیشہ افراد کا ریکارڈ مرتب کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں پولیس اہلکار 27 ہزار، جبکہ لاہور میں 28 ہزار ہیں، شہر قائد میں 7 سے 8 ہزار نئے اہلکار بھرتی کیے گئے ہیں، شہر کے سیکیوریٹی انفرااسٹرکچر میں سرمایہ کاری کی ضرورت ہے، ڈیپ سی پورٹ تو بن گیا، لیکن انفرااسٹرکچر کیلئے کچھ نہیں کیا گیا، لاہور کا سیف سٹی پراجیکٹ دیکھنے سے تعلق رکھتا ہے، لاہور کی ڈولفن فورس ایک جدید فورس ہے، جو بہتر کام کر رہی ہے۔
خبر کا کوڈ : 728233
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش