QR CodeQR Code

قوم کی تقدیر رسول اللہ (ص) کے نظام، نظام مصطفےٰ (ص) سے ہی بدلی جاسکتی ہے، صاحبزادہ زبیر

19 Jun 2018 00:34

حیدرآبادمیں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ملی یکجہتی کونسل کے صدر نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات میں اصل مقابلہ ختم نبوت ﷺ کے وفاداروں اور غداروں کے درمیان ہوگا، نظام زکوٰۃ اور صلاۃ صحیح کام کررہے ہوتے تو آج ملک میں کوئی غریب نہ ہوتا۔


اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء پاکستان و ملی یکجہتی کونسل کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے کہا ہے کہ قوم کی تقدیر رسول اللہﷺ کے نظام، نظام مصطفےٰﷺ سے ہی بدلی جاسکتی ہے، غربت بیروزگاری، جہالت، عریانی، فحاشی، بے حیائی، لوٹ کھسوٹ اور کرپشن کے خاتمہ کیلئے قوم ختم نبوت کے غداروں کو مسترد کردے گی۔ وہ حیدرآباد کے لبرٹی چوک پر اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔ صاحبزادہ محمد زبیر نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات میں اصل مقابلہ ختم نبوتﷺکے وفاداروں اور غداروں کے درمیان ہوگا، نظام زکوٰۃ اور صلاۃ صحیح کام کررہے ہوتے تو آج ملک میں کوئی غریب نہ ہوتا، زکوٰۃ اور فطرے کی رقم بھی کرپشن کی نذر کردی جاتی ہے، بینکوں میں زکوٰۃ کی کٹوتی کے نام پر کروڑوں روپیہ قوم سے بٹوار لیا جاتا ہے، مگر اس کی تقسیم سیاسی بنیادوں پر کی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ روزہ جسم کی زکوٰۃ ہے مگر افسوس ماہ رمضان میں بھی صحت مند افراد روزہ خوری کرتے ہیں، غریب مزید غریب تر ہوتا جارہا ہے، امراء کے خزانوں کا کوئی حساب نہیں ہے، صالح، دیانتدار اور مخلص قیادت ہی قوم کو مسائل کی دلدل سے نکال سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عصبیت کے نام پر لاکھوں نوجوانوں کا مستقبل تاریک کردیا گیا، ہم مایوسیوں کو ختم کرکے حقوق اللہ اور حقوق العباد کے ذریعہ قوم کی محرومیاں دور کریں گے، پچھلے 70 سال میں کرپٹ لوگوں کو اقتدار دیا گیا، یہی وجہ ہے کہ ہر پیدا ہونے والا بچہ مقروض ہے۔


خبر کا کوڈ: 732167

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/732167/قوم-کی-تقدیر-رسول-اللہ-ص-کے-نظام-مصطفے-سے-ہی-بدلی-جاسکتی-ہے-صاحبزادہ-زبیر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org