0
Monday 18 Jun 2018 21:27
گو نوازگو ہوچکا لیکن ہم عزت کے دائرے میں بات کرینگے

نواز شریف کا مجھ پر کوئی قرض نہیں لیکن انکا خاندان میرا مقروض ہے، چوہدری نثار علی

نواز شریف اور انکی بیٹی کا کردار قوم کے سامنے لانا چاہتا ہوں
نواز شریف کا مجھ پر کوئی قرض نہیں لیکن انکا خاندان میرا مقروض ہے، چوہدری نثار علی
اسلام ٹائمز۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ناراض رہنما اور سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے راولپنڈی میں اپنی انتخابی مہم کا آغاز کرتے ہوئے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی کا کردار قوم کے سامنے لانا چاہتا ہوں۔ راولپنڈی کے علاقے چکری میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ میرا عوام سے ووٹر اور امیدوار کا رشتہ نہیں بلکہ میرا اور آپ کا اس مٹی کا رشتہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ میں نے اقتدار میں آکر کوئی انڈسٹری لگائی نہ اپنے خاندان کو فائدہ پہنچایا بلکہ علاقے کے لئے کام کیا، کسی سینیئر لیڈر پر ایک پیسہ خرچ نہیں کیا۔ چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ آج میں اپنی انتخابی مہم کا آغاز کرنے نکلا ہوں اور اس جلسے نے ثابت کر دیا کہ میں اکیلا نہیں ہوں، مخلوق خدا جس کے ساتھ ہو، اس کو کوئی ہرا نہیں سکتا۔ سابق وزیراعظم نواز شریف کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ جب بولنا شروع کیا تو پوری قوم کو اصلیت سمجھ میں آجائے گی، لیکن اس وقت نواز شریف خاندان مشکل صورت حال سے دوچار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میں بکاؤ مال نہیں ہوں، نہ ضمیر فروش ہوں، چاپلوسی نہیں کی، ہمیشہ سر اٹھا کر سیاست کی اور 34 سال سے میں نے نواز شریف کا بوجھ اٹھایا۔ سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ نواز شریف کا مجھ پر کوئی قرض نہیں لیکن ان کا خاندان میرا مقروض ہے اور آج تفصیل سے بات کرنا چاہ رہا تھا، لیکن بیگم کلثوم نواز کی صحت کے باعث آج راز نہیں کھولوں گا۔ انھوں نے کہا کہ نواز شریف اور ان کی بیٹی کا کردار قوم کے سامنے لانا چاہتا ہوں۔

خیال رہے کہ چوہدری نثار کی جانب سے مسلم لیگ (ن) کے قائد کو اس سے قبل بھی تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے اور ساتھ ہی انھوں نے پارٹی کے ٹکٹ کے لئے درخواست بھی نہیں دی، جس کے بعد پارلیمانی بورڈ نے انہیں ٹکٹ نہ دینے کا فیصلہ کیا۔ مسلم لیگ (ن) کے سینیئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے ٹویٹر میں اپنے پیغام میں کہا تھا کہ چوہدری نثار کے حوالے سے جو کچھ ہوا، ہم نہیں چاہتے تھے کہ ایسا ہو، لیکن اب ایسا ہوچکا ہے۔ پرویز رشید کا کہنا تھا کہ چوہدری نثار نے ٹکٹ کے لئے درخواست نہیں کی۔ پنجاب کے سابق وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ چوہدری نثار نے ہمیشہ خود کو پارٹی سے بالاتر سمجھا اور پارٹی ٹکٹ کے لئے درخواست نہیں دی۔ نواز شریف کے قریبی ساتھیوں میں شمار ہونے والے چوہدری نثار نے اپنے اختلافات گذشتہ برس سپریم کورٹ کی جانب سے ان کی نااہلی کے فیصلے کے بعد بیان کرنا شروع کیا تھا، تاہم وہ اب کھل کر نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کے خلاف بیانات دے رہے ہیں۔ چوہدری نثار نے راولپنڈی سے دو قومی اور دو صوبائی اسمبلی کی نشستوں سے آزاد حیثیت میں انتخاب لڑنے کا اعلان کر دیا ہے، جبکہ اطلاعات کے مطابق مسلم لیگ (ن) ان حلقوں میں اپنے امیدوار میدان میں لائے گی۔
خبر کا کوڈ : 732210
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش