0
Tuesday 19 Jun 2018 21:05

اسد الدین اویسی نے خود کو بے نقاب کر دیا ہے، انجینئر رشید

اسد الدین اویسی نے خود کو بے نقاب کر دیا ہے، انجینئر رشید
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر عوامی اتحاد پارٹی کے سربراہ اور ممبر اسمبلی لنگیٹ انجینئر رشید نے اسدالدین اویسی کی جانب سے کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کی حالیہ رپورٹ کو مسترد کئے جانے پر ان کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسد الدین اویسی نے خود کو بے نقاب کردیا ہے اور ان کی وہ ہمدردی جھوٹی ثابت ہوئی ہے کہ جو وہ کشمیریوں کے لئے دکھاتے رہے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر کے قصبہ لنگیٹ میں مختلف وفود کے ساتھ تبادلہ خیال کے دوران انجینئر رشید نے کہا کہ اویسی کو بھارت کی تعریفیں کرنے کا پورا حق ہے اور اسے اپنے ملک کے لئے وفادار ہونا ہی چاہیئے لیکن ان کے کشمیر مخالف بیان کا کوئی جواز نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی خواہشات اور حقوق کو فقط اس لئے یرغمال نہیں بنایا جا سکتا ہے کہ بھارت کے مسلمان خود کو ملک کا اور لوگوں سے زیادہ وفادار ثابت کرنا چاہتے ہیں۔ مسئلہ کشمیر خالصتاََ ایک سیاسی مسئلہ ہے لیکن اویسی کا یہ کہنا کہ بھارت کے مسلمان اس مسئلے کے حوالے سے باقی ملک کے ساتھ ہیں اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ نئی دہلی کشمیر کو ایک مذہبی مسئلہ کے بطور پیش کرنا چاہتی ہے اور اویسی بڑے سلیقے سے اس مسئلہ کو بھارت کے مسلمانوں کے ساتھ جوڑنے کا کام کر رہے ہیں۔

انجینئر رشید نے کہا کہ اقوام متحدہ کی حالیہ رپورٹ دیکھ کر اسدالدین اویسی ہی کو نہیں بلکہ دیگر فرقوں کے دانشوروں کو بھی جاگ جانا چاہیئے تھا لیکن اسکے برعکس کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین صورتحال کا پردہ فاش کرنے والی اس رپورٹ کو مسترد کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں جو کہ قابل مذمت تو ہے ہی ساتھ ہی اس بات کا بھی ثبوت ہے کہ بھارت کے سیاستدان دنیا کو دھوکہ دینے اور کشمیریوں کو  سرنڈر کرنے کے لئے مجبور کرنے پر بضد ہیں۔ انجینئر رشید نے بھارت کے مسلمانوں کی حالت زار کی طرف اسدالدین اویسی کی توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ اس ملک کے مسلمان تیسرے درجے کے شہریوں کے بطور لگاتار ہندو انتہا پرست جنونیوں کے خوف میں جی رہے ہیں۔ انہوں نے کہا ’’اقوام متحدہ کی رپورٹ کی تنقید کرکے کشمیریوں کے زخموں پر نمک پاشی کرنے کے باوجود بھی اویسی اور ان جیسے لوگ بھارت کے اکثریتی فرقہ کی ہمدردی اور اعتبار حاصل نہیں کر سکتے ہیں کیونکہ کشمیر کے برعکس بھارت کا پورا سماج روز افزوں مزید شدت پسند اور بنیاد پرست بنتا جا رہا ہے‘‘۔
خبر کا کوڈ : 732227
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش