0
Tuesday 19 Jun 2018 18:02

این اے 53 سے عمران خان، گلالئی اور خاقان عباسی کے کاغذاتِ نامزدگی مسترد

این اے 53 سے عمران خان، گلالئی اور خاقان عباسی کے کاغذاتِ نامزدگی مسترد
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان، سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور عائشہ گلالئی کے کاغذاتِ نامزدگی این اے 53 سے مسترد کر دیئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق عمران خان کے کاغذاتِ نامزدگی نامکمل بیانِ حلفی کے باعث مسترد کئے گئے، ریٹرننگ افسر نے فیصلے میں کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق بیان حلفی نامکمل ہے۔ فیصلے کے مطابق پی ٹی آئی کے چیئرمین کے کاغذاتِ نامزدگی میں بیان حلفی درست طریقے سے پُر کر کے جمع نہیں کرایا گیا ہے۔ دوسری طرف قومی اسمبلی کے اسی حلقے سے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور پاکستان تحریک انصاف گلالئی کی چیئر پرسن عائشہ گلالئی کے کاغذات بھی مسترد کر دیئے گئے۔ حلقہ این اے 53 سے عائشہ گلالئی اور عبد الوہاب بلوچ کے اعتراضات کو ریٹرننگ آفیسر نے مسترد کیا، اسی حلقے سے مہتاب عباسی کے کاغذات بھی مسترد ہوئے ہیں۔

خیال رہے کہ گذشتہ روز حلقہ این اے 53 سے عمران خان کے کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ پڑتال کے دوران الیکشن کمیشن کی جانب سے اعتراضات سامنے آنے پر ایڈووکیٹ رائے تجمل نے انہیں رد کر دیا تھا۔ عمران خان کے کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ کے موقع پر بابر اعوان خود ریٹرننگ آفیسر کے سامنے پیش نہیں ہوئے، بلکہ ان کے معاون رائے تجمل عمران خان کی دستاویزات سمیت پیش ہوئے تھے۔ مذکورہ حلقے سے چوہدری نثار علی خان نے تحریکِ انصاف کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی ہے جس کے نتیجے میں وہ اس حلقے سے دست بردار ہوچکے ہیں۔ واضح رہے کہ الیکشن 2018ء کیلئے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا آج آخری روز ہے، جبکہ الیکشن کمیشن کی جانب سے جانچ پڑتال کا وقت بڑھانے کی کوئی تجویز  زیرِ غور نہیں۔
خبر کا کوڈ : 732333
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش