QR CodeQR Code

وفاق قبائلی علاقوں کی ترقی کیلئے وسائل کی فراہمی میں تیزی لایئں، نگران وزیراعلی خیبر پی کے

19 Jun 2018 18:42

نگران وزیراعلی خیبر پی کے نے کہا کہ فاٹا کے عوام ترقی کی دوڑ میں کافی پیچھے رہ گئے ہیں۔ وہاں پر نہ تو حکمرانی کا سٹرکچر موجود ہے اور نہ فعال ادارے لیکن یہ مشکل کام بھی نہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ وفاق جتنی تیزی کے ساتھ وسائل فراہم کریں گے اُتنی تیزی کیساتھ انضمام کا عمل تکمیل کو پہنچے گا۔


اسلام ٹائمز۔ خیبرپختونخوا کے نگران وزیراعلیٰ جسٹس(ر) دوست محمد خان نے کہا ہے کہ فاٹا کا خیبر پختونخوا میں انضمام اور قبائل کی قومی دھارے میں شامل کرنے کے لئے وفاق وسائل کی فراہمی میں تیزی لائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں سرکاری افسران، عمائدین، وکلاء، صنعتکاروں اور لوگوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ فاٹا کا خیبرپختونخوا میں انضمام خوش آئند ہے لیکن انضمام سے مختلف قسم کے چیلنجز بھی سامنے آئے ہیں۔ فاٹا کے عوام ترقی کی دوڑ میں کافی پیچھے رہ گئے ہیں۔ وہاں پر نہ تو حکمرانی کا سٹرکچر موجود ہے اور نہ فعال ادارے لیکن یہ مشکل کام بھی نہیں۔ اس کے لئے صرف وسائل کی ضرورت ہے اور ضرورت اس امر کی ہے کہ وفاق جتنی تیزی کے ساتھ وسائل فراہم کریں گے، اُتنی تیزی کے ساتھ انضمام کا عمل تکمیل کو پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ فاٹا کے لوگ دہشت گردی کی جنگ میں سب کچھ کھو چکے ہیں۔ اُن کی بحالی اور آباد کاری کیلئے ایک جامع پلان ہونا چاہیئے۔ دہشت گردی قبائل کی تین نسلیں کھا گئیں۔ ان قربانیوں کو دیکھ کو زیادہ وسائل انضمام کے لئے فراہم ہونا چاہیے جو 80 فیصد قبائل کی بحالی اور 20 فیصد ان کو ریلیف دینے پر خرچ ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ قبائل کی پاکستان سے جذباتی اور عملی لگاؤ ہماری طرف سے خصوصی پیکج کی متقاضی ہے۔ ترقی کی بنیاد کے لئے صنعتی احیاء اور ٹیکس کلچر کے لئے تیاری ناگزیر ہے۔ پرامن اور شفاف انتخابات آئینی، قانونی اور اخلاقی فریضہ ہے۔ پوری سرکاری مشینری اس فرض کی ادائیگی کے لئے تیار ہے۔ انہوں نے کہاکہ بی آر ٹی میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کی ہدایات جاری کر چکا ہوں۔ جدید دور میں بڑے شہروں سے آبادی باہر منتقلی کے لئے سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔ ماحولیاتی آلودگی کم کرنے، پینے کی پانی کی فراہمی کے لئے اقدامات اٹھانے اور ڈرینج کی بہتری کے لئے ہدایات دے چکا ہوں۔ اس ہفتے وزراء کو قلم دان تفویض کر رہے ہیں۔ جن اضلاع میں جرائم کی شرح زیادہ ہے وہاں انتظامیہ اور پولیس مل کر جرائم کی شرح کم کریں۔


خبر کا کوڈ: 732339

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/732339/وفاق-قبائلی-علاقوں-کی-ترقی-کیلئے-وسائل-فراہمی-میں-تیزی-لایئں-نگران-وزیراعلی-خیبر-پی-کے

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org