QR CodeQR Code

ایف ڈبلیو او سیمنٹ کی بلیک مارکٹنگ کر رہی ہے، شہزاد آغا

19 Jun 2018 18:50

گلگت سکردو روڈ کی انتہائی ناقص تعمیر ہو رہی ہے، ناقص مٹیریل کی تعمیر کی وجہ سے یہ روڈ بلتستان کے عوام کیلئے موت کا کنوں بنتا جا رہا ہے، صدر پیپلزپارٹی ضلع سکردو


اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلزپارٹی ضلع سکردو کے صدر غلام شہزاد آغا نے کہا ہے کہ گلگت سکردو روڈ بلتستان کے عوام کیلئے موت اور زندگی کا مسئلہ ہے، جو غیر معیاری تعمیر اور ناقص میٹریل کے استعمال کی وجہ سے موت کا کنواں بنتا جا رہا ہے۔ ایک بیان میں پیپلزپارٹی کے رہنما کا کہنا تھا کہFWO اپنے ذیلی ٹھیکیداروں کے ذریعے سیمنٹ کی بلیک مارکیٹنگ میں مصروف ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا ہے کہ سکردو میں مختلف جگہوں پر ایف ڈبلیو او اور انکے ٹھیکیداروں نے سیمنٹ کے گودام بنائے ہوئے ہیں، جہاں سے روزانہ کی بنیاد پر یہاں کے سادہ لوح عوام کو سستے داموں سیمنٹ بلیک میں فروخت کیا جاتا ہے۔ طرز تعمیر کا یہی سلسلہ رہا تو بلتستان کے غریب عوام کا مستقبل خطرے میں پڑ جائے گا۔ شہزاد آغا نے مزید کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے دور میں گلگت سکردو روڈ کا ڈیزائن کچھ اور تھا۔ ایف ڈبلیو او اور صوبائی حکومت کی ملی بھگت سے اصل ڈیزائن کو مسخ کرکے روڈ کی صرف توسیع کی جا رہی ہے، جو کہ اس قوم کے ساتھ کھلا مذاق ہے۔

صوبائی حکومت اور ایف ڈبلیو او کے حکام نے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ گلگت سکردو روڈ کی تقریباً سات جگہوں پر ٹنل کی تعمیر اور ہر موڑ کو سیدھا کیا جائے گا، لیکن عملی طور پر ایسا کچھ بھی نہیں ہو رہا۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ گلگت سکردو روڈ کے توسیعی منصوبے کی وجہ سے روندو کے غریب عوام کی ہزاروں ایکڑز زمینیں اور ہزاروں کی تعداد میں درخت ضائع ہوگئے ہیں۔ ان کا نہ معاوضہ دیا گیا ہے اور نہ ہی ان کے لئے کوئی متبادل نظام متعارف کیا گیا ہے، جو کہ متاثرین کے ساتھ زیادتی ہے۔ ہم گلگت سکردو روڈ کے تعمیراتی کام کے سلسلے میں کوئی سستی یا نا اہلی برداشت نہیں کریں گے، کیونکہ یہ بلتستان کے غریب عوام کے مستقبل کا مسئلہ ہے۔ لہٰذا روڈ کی حساسیت کو مدنظر رکھتے ہوئے عوام کے تمام تر خدشات و تحفظات کو فوری طور پر دور کیا جائے، ورنہ پیپلز پارٹی عوامی طاقت کے ذریعے احتجاج کا سلسلہ شروع کرے گی۔


خبر کا کوڈ: 732379

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/732379/ایف-ڈبلیو-او-سیمنٹ-کی-بلیک-مارکٹنگ-کر-رہی-ہے-شہزاد-آغا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org