0
Friday 22 Jun 2018 10:43

فوج کے جنرلوں اور بریگیڈئیرز کو منت کرتے ہیں کہ وہ الیکشن میں مداخلت نہ کریں، محمود خان اچکزئی

فوج کے جنرلوں اور بریگیڈئیرز کو منت کرتے ہیں کہ وہ الیکشن میں مداخلت نہ کریں، محمود خان اچکزئی
اسلام ٹائمز۔ پشتونخواملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ گذشتہ چالیس سالوں سے پشتونوں کے سر کاٹے جا رہے ہیں۔ پشتونوں کا خون پانی کی طرح بہایا گیا۔ انسانی تاریخ میں ایسی کسی جنگ کی تاریخ نہیں ملتی، جس طرح کی جنگ پشتونوں پر مسلط کی گئی ہے۔ اسکے باوجود بھی پشتون دشمن قوتوں کا عزم ہے کہ پشتونوں کو صفحہ ہستی سے مٹا دیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشین میں تاج لالا فٹ بال گراؤنڈ میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پشتونخوامیپ کے چیئرمین محمود خان اچکزئی نے کہا کہ ہم پوری دنیا کو بتانا چاہتے ہیں کہ پشتون انصاف دار قوم ہے۔ بعض قوتیں پشتون عوام کو ختم کرنے کے درپے ہیں۔ پشتونخوامیپ پر الزامات لگائے گئے کہ انہوں نے کچھ پیسوں کے عیوض ملک کا سودا کیا ہے۔ ایسے پیسے ہمارے ماں باپ کیلئے زہر قاتل بنے، جس سے ہمارے وطن کی ساکھ کو نقصان پہنچا ہے۔ ہم نے پاکستان کا سودا نہ کسی مارشل لاء، نہ کسی طاقتور پنجابی اور نہ کسی ملک دشمنوں سے کبھی کیا ہے۔ ہم بھی زبان رکھتے ہیں، ہمیں کمزور نہ سمجھا جائے۔ ہم کسی کی برائی نہیں چاہتے۔ عام انتخابات میں جیت ایک بار پھر ہماری مقدر بنے گی۔ پشتونخوامیپ پر پتھر برسائے جا رہے ہیں، لیکن اس کے باوجود صبر وتحمل کو اپنایا گیا ہے۔

بلوچ اور پشتون کو برابری کے بنیاد پر ایک دوسرے کو تسلیم کرنا ہوگا۔ اگر اس پر آپ ہم سے اتفاق نہیں کرتے تو پھر پشتونخوامیپ اس صوبے کو پرانے چارپائی کی طرح اکھاڑ دے گی اور اپنی طاقت سے اپنا صوبہ بنائے گی۔ ہم اس وطن میں رہنا چاہتے ہیں، پاکستان ہمارا ملک ہے۔ یہاں اسلحہ کلچر کو فروغ دیا گیا۔ ہم مسلح افراد کو بتانا چاہتے ہیں کہ ہم ایوب خان، ضیاء الحق اور مشرف کا مقابلہ کر چکے ہیں تو آپ ہمارے لئے کیا ہو۔ انسان کا قتل، دوسروں کا گھر خراب کرنا، مسلمان کو دھوکہ دینا سراسر ظلم ہے۔ کسی کو کمزور سمجھنا اور اس پر ظلم کے پہاڑ گرانا انسان دشمن اقدام ہے۔ ہم اس کی مخالفت کرتے ہیں، بلکہ سمجھتے ہیں کہ اپنے حق کو حاصل نہ کرنا بے غیرتی ہے۔ ظلم اور بے غیرتی نارواں ہے۔ اللہ اس مذموم اور انسان دشمن اقدامات کو اپنانے کی توفیق نہ دیں۔ ہم فوج کے جرنیلوں اور بریگیڈئیرز کو منت کرتے ہیں کہ وہ الیکشن میں مداخلت نہ کریں، کیونکہ سیاست میں آپ حضرات کا کوئی عمل دخل نہیں۔ پاکستان اس وقت سخت حالات سے دوچار ہیں۔ ہم پاکستان کے مخالف نہیں، لیکن بدقسمتی یہ ہے کہ پاکستان میں انصاف نام کی کوئی چیز نہیں۔ عوام کو پشتونخوامیپ کا ساتھ دیتے ہوئے ہمیں کامیابی دلانی ہوگی۔
خبر کا کوڈ : 732819
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش