0
Saturday 23 Jun 2018 11:13

اقوامِ متحدہ اپنے آئینی اختیارات اور اخلاقی ذمہ داریوں کو نبھائے، سید علی گیلانی

اقوامِ متحدہ اپنے آئینی اختیارات اور اخلاقی ذمہ داریوں کو نبھائے، سید علی گیلانی
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر کل جماعتی حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین سید علی گیلانی نے انسانی حقوق کے حوالے سے اقوامِ متحدہ کے تحقیقاتی کمیشن کو پاکستانی زیرانتظام کشمیر کا دورہ کرنے کے اجازت نامے کا خیر مقدم کیا۔ انہوں نے پاکستان کی موجودہ نگران حکومت کی جانب سے اسے ایک دور رس نتائج کا حامل جرأت مندانہ قدم قرار دیا۔ حریت رہنما سید علی گیلانی نے اقوامِ متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کی طرف سے بھارت کے زیرِ انتظام جموں کشمیر میں اس کی افواج اور نیم فوجی دستوں کے علاوہ پولیس ٹاسک فورس کی طرف سے پُرامن مظاہرین کے خلاف طاقت کا بےتحاشا استعمال کرنے اور پیلٹ گن و مرچی گیس جیسے مہلک ہتھیاروں کے بے دریغ استعمال سے انسانی جانوں کے اتلاف اور جسمانی طور معذور اور اندھا بنائے جانے کی ظالمانہ کارروائیوں کو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی قرار دینے پر اطمینان کا اظہار کیا۔

انہوں کہا کہ اقوامِ متحدہ کے انسانی حقوق کے کمیشن کو پاکستان آنے کی پیشکش کے تناظر میں بھارت اگر انسانی حقوق کے حوالے سے اپنی پاکدامنی کا دعوٰی کرتا ہے تو اِسے پاکستان کی پیشکش کا مثبت جواب دیتے ہوئے اقوامِ متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کو ریاست جموں کشمیر کا دورہ کرنے میں پس و پیش نہیں کرنا چاہیئے۔ حریت رہنما سید علی شاہ گیلانی نے کہا کہ اقوامِ متحدہ کے انسانی حقوق کے سربراہ کو بھارت کے انکار کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے یہاں افواج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی شدید پامالیوں کا تفصیلی مشاہدہ کرنے کے لئے ریاست جموں کشمیر کا دورہ کرکے بھارت پر اپنے سفارتی اور سیاسی دباؤ کو بڑھانا چاہیئے۔ حریت رہنما سید علی گیلانی نے اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ اس معتبر عالمی ادارے کے سامنے پچھلے ستر برسوں سے لٹکے ہوئے مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کے لئے اپنے آئینی اختیارات اور اخلاقی ذمہ داریوں کو نبھائیں۔
خبر کا کوڈ : 732939
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش