0
Saturday 23 Jun 2018 09:46

کرپشن کا خاتمہ خواب، ادارے کمزور افراد مضبوط ہو گئے، خرم نواز گنڈا پور

کرپشن کا خاتمہ خواب، ادارے کمزور افراد مضبوط ہو گئے، خرم نواز گنڈا پور
اسلام ٹائمز۔ پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ (ن) لیگ کے مقروض صدر شہباز شریف بتائیں وہ محدود آمدنی میں ایک سے زائد فائیو سٹار گھروں کی دیکھ بھال کیسے کرتے ہیں؟ اور بیرون ملک علاج اور پاکستان کے اندر سیاست اور اللے تللے کس پیسے سے کرتے ہیں؟ کوئی مقروض شخص پورے ملک کی سیاست تو کیا ایک یونین کونسل میں سیاست کرنے کے اخراجات برداشت نہیں کر سکتا۔ وہ مرکزی سیکرٹریٹ لاہور میں عہدیداروں اور کارکنوں کے وفود سے بات چیت کررہے تھے۔ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ کرپشن کا خاتمہ خواب بن گیا، افراد مضبوط اور ادارے کمزور ہو گئے، جب تک بے رحم احتساب نہیں ہوگا کسی انتخاب کا ملک و قوم کو کچھ فائدہ نہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ 1985ء سے پہلے کون کتنا امیر تھا اور آج کتنا امیر ہے، اس کا جائزہ لے لیا جائے تو ہر امیر کی امارت کا بھانڈہ بیچ چوراہے کے پھوٹ جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جب سے شریف برادران کوچہ اقتدار میں داخل ہوئے ہیں تمام اخلاقیات کی حدیں ٹوٹ گئیں، جرائم پیشہ عناصر سیاستدانوں کا روپ دھار کر سیاہ و سفید کے مالک بن گئے اور ان جرائم پیشہ عناصر کی وجہ سے شرفاء کا پاکستان میں زندہ رہنا دوبھر ہو گیا۔

خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ یہ خوش آئند بات ہے کہ چیف جسٹس سپریم کورٹ نے پٹرولیم مصنوعات پر حاصل ہونیوالے ٹیکس کا حساب مانگا ہے اور پٹرولیم منصوعات کی خریداری کے نظام پر شکوک و شبہات ظاہر کیے ہیں، یہ بہت بڑا نوٹس ہے، یہ اربوں نہیں کھربوں کے غبن کا میگا سکینڈل ہے، ہو سکتا ہے اس سکینڈل کے تانے بانے انٹرنیشنل تیل مافیا سے بھی جڑے ہوئے ہوں، تاہم یہ اہم نوٹس ہے، کم از کم اس کا فیصلہ ضرور ہونا چاہیے اور 25 جولائی سے پہلے ہونا چاہیے تاکہ قوم اپنے لیڈروں کے اصل چہرے کو انتہائی قریب سے دیکھ سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایف بی آر کا چیئرمین کہہ رہا ہے کہ پیسہ باہر بھیجنا کوئی جرم نہیں، اس چیئرمین سے پوچھا جائے کہ وہ قوم کے خون پسینے کے ٹیکسوں کی کمائی سے بطور چیئرمین ایف بی آر لاکھوں، کروڑوں کی ماہانہ مراعات کیوں لے رہے ہیں؟ اگر پیسہ باہر بھیجنا جرم نہیں تو پھر نیب، ایف آئی اے، ایف بی آر کے محکمے بند کر دئیے جائیں اور اس چیئرمین کو بھی باہر بھیج دینا چاہیے۔
خبر کا کوڈ : 732950
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش