0
Saturday 23 Jun 2018 12:38

پرویز مشرف کے اچھے کاموں سے متاثر ہوں، عائشہ گلالئی

پرویز مشرف کے اچھے کاموں سے متاثر ہوں، عائشہ گلالئی
اسلام ٹائمز۔ تحریک انصاف گلالئی کی سربراہ عائشہ گلالئی کا کہنا ہے کہ عمران خان اور مجھ میں زمین آسمان کا فرق ہے، میں پرویز مشرف کے اچھے کاموں سے متاثر ہوں، اگر پاکستان کے لیڈر غریبوں کے ہمدرد ہوتے تو وہ آدھی جائیداد غریبوں کے نام کر دیتے۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف گلالئی کی سربراہ عائشہ گلالئی نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس الیکشن میں غریب ملک کے امیر لیڈروں کے اثاثے سامنے آ گئے ہیں، ان لیڈروں کے پاس سینکڑوں ایکڑ زرعی زمینیں اور کروڑوں اربوں کی جائیدادیں ہیں۔ عائشہ گلالئی کا کہنا تھا کہ اگر پاکستان کے لیڈر غریبوں کے ہمدرد ہوتے تو وہ آدھی جائیداد غریبوں کے نام کر دیتے، آر او کی جانب سے میرے کاغذات نامزدگی مسترد کئے گئے، آر او نے ایک لکڑی سے سب کو ہانکا ہے، آر او کے فیصلے کے خلاف اپیل کی ہے پیر کو سماعت ہوگی۔ عمران خان کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ عمران خان اور مجھ میں زمین آسمان کا فرق ہے، میں نے ہمیشہ سے اداروں کا احترام کیا، میرا کیس عمران خان سے مختلف ہے۔

سربراہ تحریک انصاف گلالئی کا کہنا تھا کہ عمران خان کی غیر قانونی زمینیں ہیں جو انہوں نے چھپائی ہیں، وہ زلفی بخاری کے جہاز میں کروڑوں کے عمرے کرتے ہیں، زلفی بخاری کا نام عمران خان نے بلیک لسٹ سے نکلوایا۔ پرویز مشرف سے متعلق عائشہ گلالئی نے کہا کہ سارے کرپٹ حکمران مل کر پرویز مشرف کو نشانہ بنا رہے ہیں، پرویز مشرف 3 کمروں کے گھر میں رہتے تھے، ان کے دور میں پھل اور سبزیوں کی قیمتیں کم تھی، ڈالر کی قیمتیں کم اور بیرونی قرضوں میں کمی آئی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ میں پرویز مشرف کے اچھے کاموں سے متاثر ہوں، ان پر غداری کے الزامات لگا کر یہ سب حکمران اپنی کرپشن چھپاتے ہیں، پرویز مشرف کی پارٹی کو دھوکے باز لوگوں نے نقصان پہنچایا۔ عائشہ گلالئی نے نیب کو غیر قانونی زمینوں پر نوٹس لینے پر خراج تحسین پیش کیا۔
خبر کا کوڈ : 733016
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش