0
Saturday 23 Jun 2018 12:56

الیکشن 2018، حلقہ این اے 44 ضلع خیبر میں کار ریلیوں پر پابندی عائد

الیکشن 2018، حلقہ این اے 44 ضلع خیبر میں کار ریلیوں پر پابندی عائد
اسلام ٹائمز۔ آئندہ عام انتخابات سے قبل حلقہ این اے 44 ضلع خیبر کے امیدواروں کو ضابطہ انتخابی اخلاق سے آگاہ کر دیا گیا، جس کے تحت اسلحہ پر مکمل  پابندی جبکہ جلسہ عام چاردیواری کے اندر منعقد کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق حلقہ این اے 44 کے ریٹرننگ آفیسر اسسٹنٹ کمشنر عصمت اللہ وزیر نے امیدواروں کا ایک اجلاس طلب کیا، جس میں انتخابی مہم اور پولنگ کے دوران الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے مرتب کردہ اصول اور ضابطہ اخلاق پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ اجلاس میں سینئر اسسٹنٹ الیکشن کمشنر خیبر عمر دراز نے بھی شرکت کی۔ خیبر ہاؤس پشاور میں منعقدہ اجلاس کے شرکاء کو ہدایات جاری کرتے ہوئے عصمت اللہ وزیر کا کہنا تھا کہ ٹریفک کی روانی یقینی بنانے کے پیش نظر انتخابی مہم کے دوران گاڑیوں کی ریلیوں کے علاوہ پولنگ کے دن اسلحے پر بھی پابندی ہوگی، جبکہ تمام بڑے جلسے چاردیواری کے اندر کئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جلسہ عام کیلئے 3 دن پہلے درخواست دینا لازمی ہے، تاکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کی باقاعدہ چیکنگ کے ساتھ سکیورٹی یقینی بنائی جائے، تاہم کارنر میٹنگز اور ان ڈور حجرہ پروگرام کیلئے درخواست کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمپین پر 40 لاکھ سے زیادہ رقم خرچ نہ کی جائے اور کسی سرکاری بلڈنگ پر نہ کسی کے گھر پر اجازت کے بغیر جھنڈے لگائے جائیں۔ امیدواروں کو متنبہ کیا گیا کہ پوسٹرز اور بینرز وغیرہ الیکشن کمیشن کے تعین کردہ سائز کے مطابق ہوں اور اس پر قرآنی آیات وغیرہ نہ لکھے جو اخلاقاََ بھی جائز نہیں۔ اے سی عصمت اللہ نے پولنگ سٹیشنز اور ووٹرز کی نشاندہی پر بھی تفصیلی بات کی اور تمام امیدوارں کو ہدایات دیں کہ شخصیت اور ذاتی عناد کی باتوں سے گریز کیا جائے تاکہ الیکشن احسن طریقے سے انجام پائیں۔ ریٹرننگ آفیسر نے کہا کہ کسی فرد کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں جبکہ ہر کام قانون کے دائرے میں کیا جائے، جبکہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
خبر کا کوڈ : 733020
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش