QR CodeQR Code

ایران کے آرمی چیف کی 40 برس میں پہلی بار پاکستان آمد، صدر اور آرمی چیف سے ملاقات کرینگے

16 Jul 2018 10:23

دونوں فوجی سربراہان کے درمیان خطے میں سلامتی کی صورتحال، داعش کے خطرہ، پاک ایران فوجی تعاون، پاک ایران سرحد پر سلامتی کے بندوبست اور افغانستان سمیت متعدد موضوعات پر غیر رسمی گفتگو ہو گی۔


اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوری ایران کے آرمی چیف جنرل محمد باقری اعلٰی سطح کے وفد کے ساتھ پانچ روزہ دورہ پر پاکستان پہنچ گئے ہیں۔ ایرانی سفارتی ذرائع کے مطابق چالیس برس میں کسی ایرانی آرمی چیف کا یہ پہلا دورہ پاکستان ہے جو غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے۔ جنرل محمد باقری بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کے ساتھ دو طرفہ فوجی مذاکرات کریں گے، باور کیا جاتا ہے کہ دونوں فوجی سربراہان کے درمیان خطے میں سلامتی کی صورتحال، داعش کے خطرہ، پاک ایران فوجی تعاون، پاک ایران سرحد پر سلامتی کے بندوبست اور افغانستان، تہران اور اسلام آباد کے دفاعی تعلقات میں توسیع، مشترکہ سرحدی سیکورٹی کے شعبے میں تعاون، دہشت گردی کے خلاف جنگ، علاقا‏ئی اور عالم اسلام کے مسائل سمیت متعدد موضوعات پر غیر رسمی گفتگو ہو گی۔ ایرانی آرمی چیف، صدر ممنون حسین سے بھی ملاقات کریں گے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے گذشتہ برس نومبر میں دورہ ایران کے دوران جنرل باقری کو پاکستان آنے کی دعوت دی۔ ایک اور ذرائع کے مطابق دونوں فوجی سربراہان اس بات کا بھی جائزہ لیں گے کہ دونوں ملکوں کی سرزمین، دشمن عناصر کے ہاتھوں ایک دوسرے کے خلاف استعمال نہ کی جا سکے۔ پاکستان کے آرمی چیف کے گذشتہ برس انجام پانے والے دورہ ایران میں دونوں ملکوں کے درمیان طے شدہ معاہدوں پر عمل درآمد کا جائزہ بھی ایران اور پاکستان کی عسکری قیادت کے مذاکرات کا ایک موضوع ہوگا، ایران اور پاکستان کی تقریبا چار ہزار کلومیٹر زمینی اور سمندری مشترکہ سرحدیں ہیں۔


خبر کا کوڈ: 738042

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/738042/ایران-کے-ا-رمی-چیف-کی-40-برس-میں-پہلی-بار-پاکستان-ا-مد-صدر-اور-آرمی-سے-ملاقات-کرینگے

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org