0
Monday 16 Jul 2018 18:36
کل قائداعظم کو کافر اعظم کہنے والے آج ان کی تصویر اٹھائے پھرتے ہیں

جن دہشتگردوں کو جیل میں ہونا چاہیے تھا، وہ پارلیمنٹ میں جانے کی تیاریاں کر رہے ہیں، جمیعت علمائے پاکستان

جن دہشتگردوں کو جیل میں ہونا چاہیے تھا، وہ پارلیمنٹ میں جانے کی تیاریاں کر رہے ہیں، جمیعت علمائے پاکستان
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علما پاکستان نیازی کے سربراہ قائد اہلسنت پیر معصوم حسین نقوی نے کہا ہے کہ عام انتخابات سے عوام کو کچھ ملنے والا نہیں، پھر وہی لٹیرے اور کرپٹ عناصر مختلف جماعتوں کی آڑ میں پارلیمنٹ میں منتخب ہونے کیلئے جتن کر رہے ہیں، کالعدم جماعتیں بھی انتخابی مہم چلا رہی ہیں، جو لاکھوں بے گناہوں کی قاتل، ملک میں فرقہ واریت اور دہشتگردی پھیلانے والی ہیں، جن دہشتگردوں کو جیل میں ہونا چاہیے تھا، وہ پارلیمنٹ میں جانے کی تیاریاں کر رہے ہیں، البتہ عوام خوش ہیں کہ احتساب عدالت سے نواز شریف کو کرپشن میں سزا ہوئی اور وہ جیل میں جا چکے ہیں، لیکن سانحہ ماڈل ٹاون کے ماسٹر مائنڈ اور قاتل ابھی تک آزاد گھوم رہے ہیں، انہیں جیل ہونا چاہیے تھا مگر ان کیساتھ مسلسل رعایت برتی جا رہی اور انصاف کا مذاق اُڑایا جا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جے یو پی پنجاب کے صدر پیر اختر رسول قادری کی قیادت میں وفد سے ملاقات میں کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر امجد چشتی، عقیل حیدر شاہ اور دیگر بھی موجود تھے۔

پیر معصوم نقوی نے کہا کہ الیکشن کمشن اپنا آئینی کردار ادا کرتا تو کرپٹ عناصر اور دہشتگردوں کو امیدوار بننے کا موقع نہ ملتا، مگر فرقہ پرست کالعدم دہشتگرد جماعت کے سربراہ کا امیدوار قومی اسمبلی بن جانا نیشنل ایکشن پلان کی دھجیاں اڑانے کے مترادف ہے، اسی جماعت نے نام بدل کر اپنے امیدواربھی کھڑے کر رکھے ہیں۔ ایک عسکری جماعت کے سیاسی نام کو الیکشن کمشن نے رجسٹر نہیں کیا، مگر وہ کھلے عام مہم چلا رہے ہیں، اب تک کی خاموشی سے لگتا ہے کہ نگران حکومت اور الیکشن کمشن کی ہمت نہیں کہ وہ کالعدم تنظیموں کی انتخابی سرگرمیوں سے روک سکیں۔ اور ظلم تو یہ ہے کہ انتخابات کو غیر شرعی قرار دینے والے اور بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح رحمتہ اللہ علیہ کو کافر اعظم قرار دینے والے انتخابات میں ان کی تصویر بھی استعمال کر رہے ہیں، کیا غضب ہو گیا ہے، قوم کو یہ دن بھی دیکھنے تھے۔
خبر کا کوڈ : 738196
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش