QR CodeQR Code

مسئلہ کشمیر کے پرامن تصفیے کیلئے بھارت پر اپنا سفارتی اور سیاسی دباو بڑھایا جائے، سید علی گیلانی

16 Jul 2018 21:32

حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین نے اس امید کا اظہار کیا کہ بھارت کشمیر کی زمینی صورتحال کو فوجی نکتہ نگاہ سے دیکھنے کی روایتی پالیسی کو ترک کرکے تاریخی حقائق کے تناظر میں مسئلہ کشمیر کے پرامن تصفیے کیلئے اپنی آمادگی کا اظہار کرے۔


اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر کل جماعتی حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین سید علی شاہ گیلانی نے پاکستان کے خصوصی ایلچی سرتاج عزیز کے حالیہ بیان جس میں انہوں نے رائے شماری کو مسئلہ کشمیر کا بہترین حل اور کشمیری قیادت کو مذاکرات میں شامل کرنے کو ناگزیر قرار دیا ہے، کی سراہا ہے۔ انہوں نے اس بیان کو کشمیری عوام کی صحیح ترجمانی کا عکاس قرار دیا ہے۔ سید علی گیلانی نے پاکستان کی طرف سے اپنے سفارتی محاذ کو مزید فعال اور سرگرم رکھنے کی اُمید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ چونکہ پاکستان اور کشمیری عوام کا موقف مسئلہ کشمیر کی تاریخی حیثیت کا آئینہ دار ہے لہٰذا کشمیر کی موجودہ خونین صورتحال کے پیش نظر اقوام متحدہ اور بین الاقوامی برادری کی یہ اولین ذمہ داری ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے پرامن تصفیے کے لئے بھارت پر اپنا سفارتی اور سیاسی دباو بڑھایا جائے۔

سید علی شاہ گیلانی نے مسئلہ کشمیر کے فوری حل کی ضرورت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی برادری کے پیش نظر جنوبی ایشیا کی دو ایٹمی طاقتوں کی محاذ آرائی کے وسیع تر نتائج اور ہولناک تباہیوں کو نظرانداز کرنے کا رویہ نہیں ہونا چاہیے۔ حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین نے اس امید کا اظہار کیا کہ بھارت کشمیر کی زمینی صورتحال کو فوجی نکتہ نگاہ سے دیکھنے کی روایتی پالیسی کو ترک کر کے تاریخی حقائق کے تناظر میں مسئلہ کشمیر کے پرامن تصفیے کے لئے اپنی آمادگی کا اظہار کرے۔


خبر کا کوڈ: 738216

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/738216/مسئلہ-کشمیر-کے-پرامن-تصفیے-کیلئے-بھارت-پر-اپنا-سفارتی-اور-سیاسی-دباو-بڑھایا-جائے-سید-علی-گیلانی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org