1
Monday 16 Jul 2018 23:46

کراچی واٹر بورڈ اور ٹینکر مافیا کی ملی بھگت سے شہری اذیت کا شکار

کراچی واٹر بورڈ اور ٹینکر مافیا کی ملی بھگت سے شہری اذیت کا شکار
اسلام ٹائمز۔ کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ اور ٹینکر مافیا کی ملی بھگت نے شہریوں کو اذیت میں مبتلا کر دیا، موبائل ایپ کے ذریعہ سستا پانی فراہم کرنے کے دعویداروں نے 1000 روپے کا ٹینکر 2500 روپے میں فروخت کرنا شروع کر دیا، شہریوں کی جانب سے بارہا درخواست دیئے جانے کے باوجود واٹر بورڈ انتظامیہ نے خاموشی اختیار کرلی۔ تفصیلات کے مطابق پانی سے محروم کراچی کے شہریوں کیلئے فراہمی نکاسی و آب کے ادارے نے مزید مشکلات پیدا کر دی ہیں۔ شہر کے مختلف علاقوں میں ٹینکر مافیا کے ساتھ مل کر شہریوں کو لوٹنے کا سلسلہ جاری ہے۔ واٹر بورڈ کی انتظامیہ نے شہریوں کو سستا پانی فراہم کرنے کیلئے ایک موبائل ایپ متعارف کرائی تھی، جس کے ذریعہ ایک ہزار روپے میں ٹینکر فراہم کرنے کا وعدہ کیا گیا تھا اور سرکاری ہائیڈرنٹ سے پانی فراہم کرنے کیلئے 10 کلومیٹر سے دور علاقوں میں 50 روپے 93 پیسے چارجز عائد کیے تھے، تاہم ان دعوؤں کی دھجیاں خود کراچی واٹر بورڈ کے عملے نے اڑا دی ہیں اور واٹر بورڈ عملہ موبائل ایپ کے ذریعہ 1000 روپے کا ٹینکر 2500 روپے میں فروخت کر رہا ہے۔

اس ضمن میں کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ علاقے میں سرکاری ہائیڈرنٹ ہونے کے باوجود کریش پلانٹ سے پانی فرہمی کیا جا رہا ہے اور شہریوں کو فاصلے کے نام پر لوٹا جا رہا ہے۔ بلدیہ کے سرکاری ہائیڈرنٹ سے بلیک میں 1000 روپے کا ٹینکر 2500 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے۔ واٹر بورڈ کی جانب سے بنائی جانے والی ایپ سے ٹینکر مافیا بھی پانی مہنگے داموں فروخت کر رہی ہے اور ایپ کے ذریعہ زیاہ تر پانی ٹینکر مافیا کو فروخت کر دیا جاتا ہے، جو بعد ازاں اسے مہنگے داموں فروخت کرتے ہیں۔ کراچی کے شہریوں نے گورنر سندھ، نگران صوبائی وزیراعلیٰ، ایم ڈی واٹر بورڈ اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ واٹر بورڈ کے عملے اور ٹینکر مافیا کی ملی بھگت کا نوٹس لیا جائے اور شہریوں کو پانی کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے اقدامات کیے جائیں۔
خبر کا کوڈ : 738244
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش