0
Tuesday 17 Jul 2018 17:48

وسیم رضوی آر ایس ایس کا ایجنٹ، اس کے نام کیساتھ شیعہ لگانے سے گریز کیا جائے، مولانا شبیر قمی

وسیم رضوی آر ایس ایس کا ایجنٹ، اس کے نام کیساتھ شیعہ لگانے سے گریز کیا جائے، مولانا شبیر قمی
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر پیروان ولایت نے خود ساختہ شیعہ وقف بورڈ کے نام نہاد چیئرمین وسیم رضوی کی منحوسیت پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے بھارتی علماء سے اپیل کی ہے کہ وہ اس نام نہاد مُلا کے چہرے سے آر ایس ایس کا نقاب سرعام اُتاریں۔ جموں و کشمیر پیروان ولایت کے سربراہ مولانا سبط محمد شبیر قمی نے سرینگر سے جاری اپنے ایک بیان میں کہا کہ وسیم رضوی مسلمانوں کے لباس میں مسلمانوں کا دشمن ہے، جو اپنی ناپاک حرکات و سکنات کے ذریعے مسلمانوں کے مابین تفرقہ پیدا کرنے کی ہر ممکن کوشش کر رہا ہے۔ مولانا شبیر قمی نے کہا کہ وسیم رضوی شیعہ وقف بورڈ کے نام پر ملت تشیع کو بدنام کرنے کی کوشش کررہا ہے جبکہ درحقیقت اس شخص کا شیعہ فرقہ سے دور دور کا بھی واسطہ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب سے نئی دہلی میں بھاجپا کی حکومت اقتدار پر براجمان ہوئی ہے یہ مفاد پرست شخص تب سے ایسے متنازعہ بیانات دے رہا ہے جس سے شیعہ و سنی مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچ رہی ہے۔ انہوں اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ آر ایس ایس کی گندگی پر پلنے والا بھارتی میڈیا وسیم رضوی کو شیعہ مسلک کا ترجمان بنانے کی سرتوڑ کوششیں کر رہا ہے لیکن ایسے افراد کے لئے شیعہ مسلمانوں میں کوئی جگہ نہیں ہے۔ مولانا شبیر قمی نے کہا کہ وسیم رضوی آر ایس ایس اور شدت پسند ہندو تنظیمیوں کا ایجنٹ اور فتنہ کی جڑ ہے، ایسے ناسور کے بیانات پر بریک لگانے کی اشد ضرورت ہے۔ مولانا شبیر قمی نے بھارتی علماء سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایک ایسی حکمت عملی تیار کریں، جس سے وسیم رضوی کے منحوس چہرے سے آر ایس ایس کا نقاب اتارا جائے اور وسیم رضوی کے زیر انتظام نام نہاد شیعہ وقف بورڈ کا مکمل بائیکاٹ کریں۔

مولانا شبیر قمی نے امت مسلمہ سے اپیل کی کہ وہ وسیم رضوی کی منحوسیت پر شیعہ مسلک کا لیبل نہ لگائیں اور وسیم رضوی کے ساتھ شیعہ نام لینے سے گریز کریں کیونکہ عالم تشیع نے ایسے افراد کو پہلے ہی رد کیا ہے۔ دریں اثناء جموں و کشمیر پیروان ولایت کے صدر مولانا شبیر حسین صوفی سمیت تمام پارٹی اراکین نے وسیم رضوی کے متنازعہ بیانات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وسیم رضوی کی سربراہی والے شیعہ وقف بورڈ کی کوئی حقیقت نہیں، یہ ملت تشیع کو بدنام کرنے اور ملت اسلامیہ میں تفرقہ پھیلانے کی گہری سازش ہے۔ انہوں نے کہا کہ علماء کرام متحد ہوکر ایسے افراد کے خلاف کارروائی کریں۔
خبر کا کوڈ : 738438
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش