QR CodeQR Code

متحدہ جمعیت اہلحدیث نے تحریک انصاف کی حمایت کا اعلان کر دیا

19 Jul 2018 13:47

لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران علامہ ضیاء اللہ شاہ بخاری کا کہنا تھا کہ نون لیگ کی حکومت نے عوام کا مینڈیٹ لیکر انڈیا کیساتھ دوستی کی پینگیں بڑھا کر انکی امنگوں پر پانی پھیرا، نواز شریف کی پالیسیاں ملک دشمن اور غداری پر مبنی تھیں، پاکستان کیساتھ غداری کرنیوالوں کو اسمبلیوں میں نہیں جانے دینگے۔


اسلام ٹائمز۔ متحدہ جمعیت اہلحدیث پاکستان نے ملک بھر میں پی ٹی آئی کی حمایت کا اعلان کر دیا۔ ان خیالات کا اظہار متحدہ جمعیت اہلحدیث پاکستان کے مرکزی امیر علامہ سید ضیاء اللہ شاہ بخاری نے لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اللہ تعالیٰ کی بہت بڑی نعمت ہے، یہ ایک نظریاتی ملک ہے، سی پیک کی تکمیل سے ملک میں معاشی طور پر خوشحالی آئے گی، سی پیک کی تکمیل میں پاک فوج کے کردار کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اداروں کو باوقار اور مستحکم بنانے کیلئے ہم اداروں کیساتھ کھڑے ہیں، کرپشن اور لوٹ مار کیخلاف جاری مہم میں پاک فوج اور عدلیہ کیساتھ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی ملک کی ترقی، علم کے فروغ، انصاف کا بول بالا، قانون کی عملداری، صحت کی سہولیات اور کرپشن کے خاتمہ کی جہدوجہد میں برابر کے شریک ہیں اور ملک بھر میں پی ٹی آئی کے تمام امیدواروں کی متحدہ جمعیت اہلحدیث بھر پور حمایت کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ متحدہ جمعیت اہلحدیث نے ہمیشہ تین نکات کی پاسداری کی ہے اور انہی نکات پر عمل پیرا ہوکر سیاسی لوگوں کی حمایت کی ہے، جن میں اسلامی اقدار کی پاسداری، استحکام وطن اور خدمت خلق شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نون لیگ کی حکومت نے عوام کا مینڈیٹ لے کر انڈیا کیساتھ دوستی کی پینگیں بڑھا کر ان کی امنگوں پر پانی پھیرا، نواز شریف کی پالیسیاں ملک دشمن اور غداری پر مبنی تھیں، پاکستان کیساتھ غداری کرنیوالوں کو اسمبلیوں میں نہیں جانے دیں گے۔


خبر کا کوڈ: 738827

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/738827/متحدہ-جمعیت-اہلحدیث-نے-تحریک-انصاف-کی-حمایت-کا-اعلان-کر-دیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org