0
Thursday 19 Jul 2018 22:05

24 گھنٹے میں پکڑی گئی ویگنیں واپس کی جائیں، ورنہ پل چناب بند کر دی جائے گی، ٹرانسپورٹرز کی دھمکی

24 گھنٹے میں پکڑی گئی ویگنیں واپس کی جائیں، ورنہ پل چناب بند کر دی جائے گی، ٹرانسپورٹرز کی دھمکی
اسلام ٹائمز۔ ویگن اونرز ایسوسی ایشن جنوبی پنجاب کے چیئرمین ملک عابد حسین تھہیم، وائس چیئرمین میاں فیصل، صدر جہانگیر عباس، جنرل سیکریٹری اظہر عباس ودیگر رہنماؤں فردوس خان، اقبال دستی، ممتاز خان دستی، نذر خان چانڈیہ، حاجی بلال، جام جاوید، حاجی مجاہد اقبال ودیگر نے اعلان کیا ہے کہ اگر ٹرانسپورٹرز کی پکڑی گئی تین سو ویگنوں کو 24گھنٹے کے اندر اندر نہ چھوڑا گیا تو ایک ٹرانسپورٹر بھی ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں الیکشن کے لئے ڈیوٹی نہیں دے گا، چیف جسٹس آف پاکستان، چیف الیکشن کمیشن اس سلسلے میں فوری نوٹس لیں بصورت دیگر چناب پل کو غیرمعینہ مدت کے لئے بند کر دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 2018ء کے الیکشن کے سلسلے میں ملتان، ڈی جی خان، مظفرگڑھ کے ڈی سی صاحبان، سیکریٹری آر ٹی اے سمیت دیگر انتظامیہ کے ساتھ الیکشن میں ڈیوٹیاں دینے کیلئے ٹرانسپورٹرز کی میٹنگ ہوئی اور اس سلسلے میں ملتان انتظامیہ نے پہلی بار ٹرانسپورٹرز کو ہاف پے منٹ کی اور 6سو گاڑیاں استعمال میں لانے کا کہا جس پر ہم نے وعدہ کیا کہ انہیں الیکشن کے موقع پر کوئی پریشانی نہیں ہوگی۔ لیکن مظفرگڑھ، ڈی جی خان، راجن پور میں پولیس انتظامیہ نے 10جولائی سے اب تک تین سو کے قریب ویگنیں بند کر دی ہیں، بلکہ ڈرائیوروں اور کنڈیکٹروں کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا ہے اور مسافروں کو اتار اتار کر گاڑیاں بند کی جا رہی ہیں، جو کہ ٹرانسپورٹرز کے ساتھ سراسر ناانصافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ویگنیں سلنڈر پر چلتی ہیں اگر شدید گرمی میں کھڑی ویگنوں کے سلنڈر پھٹ گئے اور کوئی جانی و مالی نقصان ہوا تو اس کی ذمہ دار متعلقہ انتظامیہ ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اکثر ویگنیں قسطوں پر ہیں اور ابھی سے گاڑیاں بند ہونے کی وجہ سے ٹرانسپورٹرز کو شدید مالی نقصان پہنچ رہا ہے، بلکہ ڈرائیورز، کنڈیکٹرز بھی شدید پریشانی سے دو چار ہیں اور ان کے گھروں کے چولہے بھی ٹھنڈے ہو کر رہ گئے ہیں، ہم چیف جسٹس آف پاکستان اور چیف الیکشن کمیشن سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اس سلسلے میں فوری نوٹس لیں بصورت دیگر وہ قانونی چارہ جوئی کے لئے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے اور چناب پل بھی بند کردیں گے۔


 
خبر کا کوڈ : 738945
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش