QR CodeQR Code

توہین عدالت کیس، فواد حسن فواد نے سپریم اپیلٹ کورٹ گلگت بلتستان سے معافی مانگ لی

19 Jul 2018 22:30

سابق وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد کو نیب نے عدالت میں پیش کیا تھا، غیر مشروط معافی مانگنے پر عدالت نے معاف کرتے ہوئے کیس سے بری کر دیا، سابق سیکرٹری قانون اور سابق وزیراعظم کے مشیر بیرسٹر ظفراللہ کیخلاف نوٹس برقرار، آئندہ سماعت پر پیش ہونے کا حکم۔


اسلام ٹائمز۔ توہین عدالت کیس میں وزیراعظم پاکستان کے سابق پرنسپل سیکرٹری فواد حسین فواد نے عدالت سے معافی مانگ لی، جس کے بعد عدالت نے انہیں مقدمے سے بری کردیا، سپریم اپلیٹ کورٹ میں جمعرات کے روز نیب کے زیر حراست سابق پرنسپل سیکرٹری فواد حسین فواد پیش ہوئے، مقدمے کی سماعت کے دوران اپنا موقف پیش کرتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ آرڈر 2018ء کو بنانے اور تیار کرنے میں بحیثت پرنسپل سیکرٹری وزیراعظم میرا ذاتی کوئی کردار نہیں رہا ہے بلکہ سرتاج عزیز کی سربراہی میں ایک کمیٹی بنی تھی جس کے بعد وزارت امور کشمیر و گلگت بلتستان اور وزارت قانون سے ڈرافٹ کے ساتھ سمری آئی، جس کو وزیراعظم تک پہنچانا اور واپس متعلقہ وزارت تک پہنچانا وزیراعظم سیکرٹریٹ کا کام ہوتا ہے، سماعت کے دوران انہوں نے رکن کونسل سید افضل کی جانب سے عدالت میں دائر رٹ پٹیشن پر پیش نہ ہونے پر عدالت سے غیر مشروط معافی مانگ لی، جس پر چیف جسٹس رانا محمد شمیم اور جسٹس جاوید اقبال پر مشتمل بنچ نے فواد حسین فواد کو توہین عدالت کیس میں معافی دیدی اور ان کو مقدمے سے بری کردیا۔

سابق سیکرٹری کشمیر افیئرز اور موجودہ چیف سیکرٹری پنجاب کی جانب سے ان کے وکیل اسداللہ خان ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے انہوں نے عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ وہ آئندہ پیشی پر عدالت میں پیش ہوگا، اسدللہ خان ایڈووکیٹ اور ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت سے استدعا کی کہ عام انتخابات کی وجہ سے فی الحال چیف سیکرٹری پنجاب عدالت میں پیش نہیں ہو سکے، الیکشن کے بعد عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ وکیل کے دلائل پر عدالت نے آئندہ پیشی پر حاضر ہونے کا حکم دیدیا جبکہ ایڈیشنل اٹارنی جنرل الیاس بھٹی نے عدالت سے استدعا کی کہ سابق سیکرٹری قانون کو ان کے گھر کے ایڈریس پر نوٹس بھجوایا جائے کیونکہ وزرارت قانون میں نوٹس موصول ہوتا ہے جبکہ وہ سیکرٹری قانون نہیں ہے، جس پر عدالت نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو ہدایت کی کہ وہ سابق سیکرٹری قانون کے گھر کا پتہ عدالت کو فراہم کریں تاکہ عدالت اس کے گھر کے ایڈریس پر نوٹس بجھوایا جا سکے۔ عدالت نے سابق سیکرٹری قانون اور بیرسٹر ظفراللہ کیخلاف نوٹس کو برقرار رکھتے ہوئے آئندہ سماعت پر پیش ہونے کا حکم دیدیا،۔ ادھر فواد حسن فواد 8گھنٹے تک عدالت میں رہے بعد میں نیب حکام نے ان کو نیب تھانہ گلگت منتقل کردیا، واضح رہے کہ عدالت کے حکم پر نیب نے فواد حسن فواد کو پی آئی اے کی پرواز کے ذریعے گلگت لایا گیا تھا ، آج انہیں واپس لے جایا جائے گا۔
 


خبر کا کوڈ: 738953

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/738953/توہین-عدالت-کیس-فواد-حسن-نے-سپریم-اپیلٹ-کورٹ-گلگت-بلتستان-سے-معافی-مانگ-لی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org